fbpx

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ صارفین کو رمضان بازاروں کے فوائد سے مستفیدکرنے کے لئے اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات ڈی پی او عمر سلامت کے ہمراہ سستے رمضان بازار رکن پور کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں سستے آٹے اور چینی کی فروخت کے عمل کو چیک کیا اور چینی کے سٹال پر عملہ کو تاکید کی کہ وہ چینی کے اضافی پیکٹس تیار رکھیں تاکہ صارفین کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔انہوں نے فیئر پرائس شاپس پر سبزی کی کوالٹی مناسب نہ ہونے پر ڈیوٹی پر موجود مارکیٹ کمیٹی کے ملازم کو معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انچارج رمضان بازار کو ہدایت کی کہ وہ ہر سٹال پر بار بار چکر لگا کراشیاء کے معیار کا جائزہ لیں اور صارفین کی سہولیات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں 11رمضان بازار لگائے گئے ہیں جہاں صارفین کو معیاری اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ عام مارکیٹوں میں بھی اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر تاجر کمیونٹی کو پابند کیا گیا ہے کہ مقررہ قیمتوں سے زیادہ دام ہر گز وصول نہ کئے جائیں اور ہی غیر معیاری و ناقص اشیاء روزمرہ کو مارکیٹ میں لایا جائے۔ڈی پی او رمضان بازار میں سیکورٹی پر مامور پولیس جوانوں سے ملے اور انہیں حفاظتی امور بارے بریف کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض منصبی دلجمعی اور ایمانداری سے سر انجام دیئے جائیں۔انہوں نے سستے رمضان بازاروں میں سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت پبلک و گڈز ٹرانسپورٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بی، سی اور ڈی کلاس بس اسٹینڈز میں مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، غیر قانونی پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں کے خاتمہ، گڈز ایجنسیز کی روک تھام، باڈی بلڈنگ ورکشاپس، ناقص ایل پی جی سیلنڈرزوالی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف قانونی کاروائیوں سمیت ٹرانسپورٹرز کی جانب سے شجر کاری، ماہ صیام میں مسافروں کے لئے سحر و افطار کے انتظامات اور عید الفطر پر اوور چارجنگ روکنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں گڈز ٹرانسپور ٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر محمد سلمان خان، حاجی عبدالعزیز، چوہدری رستم علی سمیت دیگر ٹرانسپورٹرزشریک تھے۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں تمام سرکاری و نجی بی، سی اور ڈی کلاس جنر ل بس اسٹینڈز پر مسافروں کی سہولت کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی واش رومز، پینے کا صاف پانی، بیٹھنے کے لئے سایہ دار جگہ سمیت دیگر ضروریات فوری طور پر مکمل کرائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کے اڈوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی لہذاٹرانسپورٹرز فوری طور پر غیر قانونی اڈے بند کردیں جبکہ گڈز ایجنسیز کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس پر وہ عملدرآمد کریں انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود باڈی بلڈنگ ورکشاپس کے خلاف کریک ڈاؤ ن کیا جائے گا اور ناقص ایل پی جی سیلنڈرز تیاراور انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب کرنے والے مکینکس سمیت ٹرانسپورٹ مالکان کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز ماہ صیام میں مسافروں کی سہولت کے لئے سحر و افطار مفت فراہم کریں جبکہ اپنے ٹرانسپورٹ اڈوں پر شجر کاری خصوصی طور پر کریں۔انہوں نے کہاکہ آج سے ضلع میں جدید کمپیوٹرائزڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اجراء کی لیب کا آغاز نیو جنرل بس اسٹینڈ رحیم یار خان میں ہو رہا ہے تمام گڈز و پبلک ٹرانسپورٹرز اپنی وہیکلز کی فٹنس اس ورکشاپس سے کروائیں۔اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹ کے ضلعی صدر سلمان خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے لئے ٹرک اسٹینڈ کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کے لئے گڈز ٹرانسپورٹرز نے درخواست دائر کی ہوئی ہے جس پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے تناسب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »