پریس کلبرحیم یارخان

صحافی برادری پیشہ ورانہ امور میں اعلیٰ اقدار کی مالک ہے,ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ ضلع رحیم یار خان کی صحافی برادری پیشہ ورانہ امور میں اعلیٰ اقدار کی مالک ہے جس نے ہمیشہ اہم عوامی مسائل کی جانب نہ صرف انتظامیہ کی وجہ مبذول کرائی بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے انتظامیہ کو اپنی اہم آراء سے آگاہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں نومنتخب کابینہ کے عہدیداران کو مبارک باد دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نومنتخب صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب میاں احسان الحق، جنرل سیکرٹری راؤ نعمان اسلم،سینئر نائب صدر فاروق ریاض گجر، نائب صدر طارق چوہدری، اشفاق علی احسن، فنانس سیکرٹری انوار الحق رامے، انفارمیشن سیکرٹری حافظ فل شیر سندھو، جوائنٹ سیکرٹری خالد جمیل، ایڈیشنل جوائنٹ سیکرٹری انور سہیل، ممبران مجلس عاملہ جاوید اقبال چوہدری، حفیظ چوہدری، محمد عمران مدنی،نذر محمد چاچڑ، فاروق احمد سندھو، فیاض محمود، رانا شہزاد، راجہ شاہد، سہیل پاشا، جاوید اقبال، سابق صدور رانا امتیاز احمد خان، قیصر غفور چوہدری، ڈاکٹر ممتاز مونس سمیت سینئر صحافی عارف ڈوگر، رانا اخلاق احمد خان، ثاقب سندھو، ارسلان مہاندار ودیگر ارکان پریس کلب موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے نومنتخب باڈی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نئے ارکان پریس کلب کے ساتھ اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی اور سابقہ ادوار میں صحافتی برادری کی فلاح وبہبود کے جاری منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا صحافی کالونی کی منتقلی کے لئے پیش رفت ہوئی ہے جس میں مزید تیز ی لائی جائے گی جبکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی جانب سے ضلع و میونسپل کمیٹیز کے بجٹ میں پریس کلب کے لئے مختص فنڈز کو بھی بحال کرانے کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی گروپ انشورنس، ہیلتھ و تعلیم جیسے اقدامات کو بھی تیزی سے مکمل کرنے کے لئے پریس کلب عہدیداران سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے زائد قیمت وصول کرنے کا معاملہ ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اوگرا کو تین ریفرنس بھیجے ہیں جس میں ان سے پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے دی جانے والے نرخ کے ریٹ کی تصدیق بارے معلومات طلب کی گئی ہیں اور اوگرا کی جانب سے جلد وفد رحیم یار خان بھیجا جائے گا جس میں پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن ، اوگرا، ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کے نمائندوں کو شامل کرکے حقائق جانے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق اپریشن کر رہی ہے لیکن اس میں اس امر کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے جاری اپریشن سے کسی غریب کا روزگار متاثر نہ ہو اس کے لئے متبادل جگہ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز قابضین کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری ترجیح ہے وہی منصوبے شروع کئے جائیں جنہیں دستیاب فنڈز سے مکمل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم بھی ضلع میں بھر پور انداز سے جاری ہے تاہم موسمی حالات کی وجہ سے اس میں تعطل آیا ہے تاہم موسم ٹھیک ہوتے ہیں پھر سے آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے تمام تر اختیارات اور ذمہ داری چیئرمینز پر ہے لیکن عوامی سہولت کے لئے انتظامیہ میونسپل کمیٹیز سے صفائی ، سیوریج اور واٹر سپلائی کی فراہمی کے لئے کام لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان رقبہ کے لحاظ سے صوبہ کا چوتھا جبکہ آبادی میں پانچواں بڑا ضلع ہے جس کے باعث میونسپل اداروں کے پاس دستیاب وسائل ناکافی ہیں اس کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button