fbpx

ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ

ضلع بھر میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران سبزی منڈیوں، عام مارکیٹوں، سُپر سٹورز، رمضان بازاروں سمیت پھلوں، سبزیوں کے ٹھیلوں اور دکانوں کی بھی باقاعدگی سے انسپکشن کی جائے۔یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے ڈی پی او عمر سلامت کے ہمراہ سبزی و فروٹ مارکیٹ میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے دیں۔انہوں نے کہا کہ سبزی و پھلوں کی مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، مارکیٹ کمیٹی کے افسران عملہ سبزی وپھلوں کے طلب و رسد پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ذخیرہ اندوزی یا خود ساختہ قلت و مہنگائی کی فوری اطلاع اسسٹنٹ کمشنرز کو فراہم کریں۔ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز کو ہدایات ہیں کہ رمضان بازاروں، عبادتگاہوں، پبلک مقامات اور بازاروں کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جائے جبکہ عبادتگاہوں اور رمضان بازار میں داخل ہونے والے افراد کی میٹل ڈیٹیکٹر، واک تھرو گیٹ سمیت فزیکل تلاشی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات پر پارکنگ کے لئے محفوظ فاصلے پر جگہ متعین کرنے بارے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت نیشنل گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت حکومتی ہدایات و اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی، ڈی او انٹر پرائزز بلال احمد، سول ڈیفنس کے نمائندہ نوید احمد، محکمہ لیبر کے نمائندہ نے شرکت کی۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے شرکاء کو بتا یا کہ حکومت کی ہدایت ہے کہ ضلع بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر عوامی سہولت کے لئے صاف ستھرے واش رومز فراہم کئے جائیں جبکہ تمام پیٹرول پمپ مالکان دستیاب جگہوں پر مناسب شجر کاری کو بھی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام محکمہ ماحولیات، انڈسٹریز، سول ڈیفنس، لیبر اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر ضلع ہذا میں پیٹرول پمپ کا معائنہ کرتے ہوئے مسافروں و شہریوں کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیں گے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے پیٹرول پمپ مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کہ مطابق پیٹرول پمپ کی این او سی بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شجرکاری سے منسوب کر دی گئی ہے۔لہذا تمام پیٹرول پمپ مالکان اپنے پیٹرول پمپس پر صاف ستھرے واش رومز جنہیں دن میں کم از کم دو مرتبہ صاف کیا جائے اور ہر واش رومز میں واش بیسن، صابن موجود ہو جبکہ پینے کے لئے صاف پانی سمیت سایہ دار جگہوں اور شجرکاری کرنے کے پابند ہیں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close