fbpx

محکمہ انہار کی نہری پانی کی دستیابی اور کاشتکاروں کو تقسیم کے حوالہ سےبریفنگ

نہری موگو ں کو ارکان پارلیمنٹ او ر کاشتکاروں کی مشاورت سے اپنی پرانی حالت میں بحال کیاجائے, ڈی سی
رحیم یارخان : ارکان پارلیمنٹ کو ضلع میں نہری پانی کی دستیابی اور کاشتکاروں کو تقسیم کے حوالہ سے محکمہ انہار کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس میں بریفنگ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کی جبکہ ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی ایز چوہدری محمد شفیق، چوہدری آصف مجید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا،وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری نعیم شفیق، چیئرمین میونسپل کمیٹی کوٹسمابہ سید محمود الحق بخاری سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ ایس ای انہار غلام مرتضی بلوچ نے ضلع کے نہری نظام، پانی کی دستیابی اور کاشتکاروں کو تقسیم کے حوالہ سے محکمانہ کارکردگی بارے آگاہ کیا۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی کہ نہری موگو ں کو کاارکان پارلیمنٹ او ر کاشتکاروں کی مشاورت سے اپنی پرانی حالت میں بحال کیا جائے جبکہ محکمہ انہار کی جانب سے پانی کی تقسیم کے حوالہ سے جاری شیڈول کو بھی ارکان پارلیمنٹ اور متعلقہ نہر کے کاشتکاروں کی مشاورت سے از سر نو مرتب کیا جائے
اس پر انہوں نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ کی تجویز پر محکمہ انہار کے افسران اور متعلقہ نہر کے کاشتکاروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ نہروں کی بھل صفائی کے لئے فنڈز محکمہ انہار کے پاس دستیاب ہیں تمام نہروں کی درجہ بندی کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار نہروں کی بھل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مشکل حالات میں محکمہ انہار نے بہترین پیشہ ورانہ امور سر انجام دیئے ہیں تاہم اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور نہری پانی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کاشتکاروں کے مسائل حل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ انہار کو کوئی افسر یا اہلکار پانی چوری میں ملوث یا معاونت کرتا پایہ گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کاروائی کے ساتھ ساتھ کریمنل ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام ارکان پارلیمنٹ کا تعاون محکمہ انہار کے ساتھ ہے وہ تمام کاشتکاروں تک پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ کاشتکاروں کو محکمہ انہار کی جانب سے پانی کی تقسیم اور وارہ بندی پر تحفظات ہیں جس کے خاتمہ کے لئے پانی کی تقسیم اور وارہ بندی کے شیڈول کو مرتب کرتے وقت کاشتکاروں کی مشاورت کو بھی شامل کیا جائے اور اس سلسلہ میں محکمہ انہار متعلقہ نہر کے کاشتکاروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے۔
انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی محکمہ کی ذمہ داری ہے جسے بخوبی انجام دیا جائے اس سلسلہ میںارکان پارلیمنٹ مکمل تعاون کریں گے۔ایم پی اے چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ جس نہر کی وارہ بندی کی جائے ا س کا شیڈول تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں کو فراہم کیا جائے تاکہ وہ مقامی زمینداروں کو پانی کی آمد اور تقسیم کے حوالہ سے آگاہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال پانی کا مسئلہ موجود نہیں مگر آئندہ موسم میں پانی کی طلب میں اضافہ ہو گا جس کے لئے محکمہ انہار پیشگی اپنا پلان مرتب کرے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پانی کا کوٹہ بڑھانے کے لئے اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی جائے گی۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ محکمہ انہار شہری حدود سے گزرنے والے نہروں کی صفائی اور انہیں خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات کرے ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نہروں کے اطراف میں خوبصورت پودے لگائے جائیں۔
اجلاس میں ایس ای انہار نے ضلع کے نہری نظام، پانی کی دستیابی اور کاشتکاروں کو تقسیم کے حوالہ سے محکمانہ اقدامات بارے بریفنگ دی ۔انہوں نے پانی چوروں کے خلاف کئے جانے والے محکمانہ اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close