fbpx

عیدالاضحی کے حوالہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم

رحیم یارخان : بہاول پور:23جولائی :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کواٹر)احسان علی جمالی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ و ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے حوالہ سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے ایام میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور ان تمام مقامات پر جہاں نماز عیدالاضحی ادا کی جائے وہاں صفائی کے شاندار انتظامات اور نماز عید سے قبل جراثیم کش سپرے کیا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کے ایام میں صفائی کے انتظامات اور جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اورکورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منڈی مویشیاں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے اور اسی طرح عید الاضحی کے ایام میں بھی کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی، غفلت اور کوتاہی نہ برتی جائے۔احسان علی جمالی نے کہا کہ فیس ماسک اور گلوز کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 باقر حسین، اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی عثمان منیر بخاری، پاک آرمی، سول ڈیفنس، پولیس، ٹریفک پولیس، محکمہ انہار، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سوئی گیس، میپکو، محکمہ خوراک، وائلڈ لائف، سوشل ویلفیئر، بہاول ویسٹ مینجمنٹ کمپنیBWMC، لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ، صحت، تحصیل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 باقر حسین نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں ریسکیو1122کی 36ایمبولینسز،7 فائر وہیکلز، 3 ریسکیو وہیکلز،50 موٹر بائیک ایمبولینسز اور445 ریسکیوئرز اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام اہم مقامات جہاں عیدالاضحی کی نماز ادا کی جائے، ریسکیو1122کے ریسکیوئر موجود ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122کی جانب سے ڈیزاسٹر ایمرجنسی پلان تشکیل دیا گیا ہے تاکہ خوانخواستہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ ہونے کی صورت میں فوری طور پر نبردآزما ہوا جا سکے۔

بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپٹی کے آفیسر امتیاز احمد نے بتایا کہ عیدالاضحی کے ایام میں صفائی اور جانوروں کی آلائشیں فوری طور پر تلف کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بہاول پور شہر اور یونین کونسلوں میں خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں لوگوں کو کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے حوالہ سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر لوگوں کو معلوماتی بروشز اور پولی تھین بیگز بھی دیے جائیں گے۔

اجلاس میں موجود دیگر تمام متعلقہ افسران نے بھی اپنے اپنے اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر062-9250508 ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے فوکل پرسن اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ اسی طرح ریسکیو1122کے دفتر میں کنٹرول روم فعال ہے جس کا فون نمبر062-9250500 ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close