fbpx

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فال ایڈمیشن 2020ء کی داخلہ مہم کا آغاز ہو گیا

رحیم یارخان :بہاول پور:16/جولائی( )ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تحصیل یزمان میں سپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام، پائیدار ترقیاتی اہداف (SAP-I, SAP-II)، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (CDP-I, CDP-II)اور سپیشل پیکج کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام II-کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اراکین اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، چوہدری احسان الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ، بجٹ اینڈ پلاننگ آفیسر شفقت نواز اور تعمیراتی محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تحصیل یزمان میں سپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام، پائیدار ترقیاتی اہداف (SAP-I, SAP-II)، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (CDP-I, CDP-II)اور سپیشل پیکج کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام II-کے تحت277ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا جن کا تخمینہ لاگت 12693.54ملین روپے ہے۔ اب تک 21ترقیاتی سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں اور 620.491ملین روپے کے فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔
ترقیاتی پراجیکٹس میں روڈ، واٹر سپلائی، سکول بلڈنگز کی تعمیر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ، میپکو، سوئی ناردرن گیس اور دیگر محکموں کی ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مظفر خاں سیال نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران موقع پر جاکر تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی فزیکل پراگریس کی رپورٹنگ مزید بہتر کی جائے۔

بہاول پور:ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال نے قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لئے جھانگی والا روڈ بہاول پور پر قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی کا معائنہ کیا اور بروئے کار لائے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عرفان چوہدری، چیف آفیسر میٹروپولیٹن سٹی چوہدری محمد شفیق، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پورنے مویشی منڈی جھانگی والا روڈ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہیلتھ کیمپ اور وٹرنری کلینک کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے شاندارانتظامات یقینی بنائے جائیں اور تمام متعلقہ افسران و سٹاف جوش و جذبہ سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن سٹی چوہدری محمد شفیق نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور کو انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر کولرز کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح جانوروں کے لئے بھی پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے معلوماتی بینرزبھی نصب کئے گئے ہیں اور اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی

بہاول پور:ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بہاولپور ڈویژن میں 84 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر69فوڈیونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ ملک شاپس،سوئیٹس اینڈ بیکرز،چکن شاپس اورپان شاپس سمیت 4فوڈ پوائنٹس کوسیل بھی کیا گیا اورحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پرمجموعی طور پر20500/-روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔نیزدوران چیکنگ230لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ اور ٹیکسٹائل کلر تلف کرنے سمیت200ساشے گٹکا و دیگرممنوعہ سامان برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا۔

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بہاولپورمیں سی ایم ایچ چوک پر واقع ملک شاپ کو ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے، دہی تیار کرنے والی جگہ سے متصل واش رومزبنانے اورناقص صفائی پر سیل کر دیا۔اسی طرح ضلع رحیم یارخان میں عید گاہ روڈ غریب آباد کے علاقے میں سوئیٹس اینڈبیکرزکو پروڈکشن ایریا میں واش رومز کی موجودگی، حشرات زدہ مٹھائی تیار کرنے اورمٹھائی کی تیاری میں ٹیکسٹائل کلرکا استعمال کرنے پر سربمہر کیا گیا۔مزید براں ضلع بہاولنگرکے علاقے ہارون آباد میں چکن شاپ کو کم وزن اورمردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے اور ناقص صفائی پر سیل کردیاگیا۔علاوہ ازیں بہاولنگر میں واقع مچھلی بازار میں واقع ایک پان شاپ کوگٹکا فروخت کرنے اورمیڈیکل سرٹیفیکیٹ نہ ہونے پر سیل کیاگیا۔اسی طرح جاری کاروائیوں میں بہاولپورڈویژن میں 84دکانوں کی چیکنگ کی گئی اور69شاپس مالکان کو حتمی وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ10 فوڈشاپس کو پنجاب پیور فوڈ رولز کی خلاف ورزی پرمجموعی طور پر20ہزار500 روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہمہ قسم کے فوڈ یونٹس کے مالکان کو تنبیہ کی گئی ہے کہ دوران کاروبار حفظان صحت کے مقرر کردہ اصولوں، قوانین اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر جرمانوں سمیت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بہاول پور: اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فال ایڈمیشن 2020ء کی داخلہ مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ امسال بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خان کے کیمپسز میں بیچلرز کے 115اور ماسٹرز کے 63 مارننگ اور ایوننگ پروگراموں میں داخلے فراہم کیے جا رہے ہیں۔وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر گزشتہ سال کی طرح عباسیہ کیمپس میں ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی کے زیر اہتمام مرکزی ایڈمیشن سیل ورابطہ دفتر قائم کر دیا گیا ہے۔ اس سال بہاول پور ڈویژن کے دور افتادہ علاقوں کے طلباء وطالبات اور والدین کی سہولت کے لیے خان پور، لیاقت پور، احمد پورشرقیہ، ہارون آباد، صادق آباد، رحیم یار خان، ظاہر پیر، راجن پور، منچن آباد، فورٹ عباس، چشتیاں اور لودھراں میں خصوصی داخلہ سہولت مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں پر داخلوں سے متعلق معلومات اور رہنمائی، کیریئر کونسلنگ اور آن لائن اپلائی کرنے سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ڈویژن بھر کے ملحقہ کالجز میں طلباء وطالبات کے لیے خصوصی سیمینار زبھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں گزشتہ سال بہترین آن لائن داخلہ پورٹل اور مرکزی ایڈمیشن سیل کے قیام کے نتیجے میں فال اور سپرنگ داخلوں کے لیے تقریباً 70ہزار درخواستیں موصول ہوئیں اور 12ہزار طلباء وطالبات داخلہ لینے میں کامیاب ہوئے۔وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر بہاول پور کے نواحی قصبوں کے لیے خصوصی بس سروس کا آغاز بھی کیا گیا اور ٹرانسپورٹ فلیٹ میں 7نئی بسوں کا اضافہ کیا گیا۔ تمام کیمپسز میں میڈیکل کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا گیا اور 3نئی ایمبولینسیں فراہم کی گئیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ملک کی پہلی ہیپا ٹائٹس فری یونیورسٹی بن گئی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی فیس میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا اور جامعہ کی فیس ابھی تک دوسری جامعات کے مقابلے میں کم ہے۔سکالرشپس کی مد میں وزیر اعظم احساس سکالرشپ، ایچ ای سی نیڈ بیسڈ، پیف اور پاکستان بیت المال وظائف کے تحت 343ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کھیلوں کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوا، سپورٹس کیمپلکس کو اَپ گریڈ کیا گیا اور جدید سہولیات سے آراستہ جمنیزیم قائم کیا گیا۔ طلباء کی رہائشی سہولتوں میں بھی بہتری آئی اور ایک ہزار گنجائش کے حامل چار نئے ہاسٹل فعال کر دئیے گئے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ملک کی اُن چند جامعات میں شامل ہے جہاں کووڈ 19بحران سے طلباء کا تعلیمی نقصان نہیں ہونے دیاگیا اور آن لائن کلاسز کا بروقت اجرا ء کر کے سمسٹر مکمل کر لیا گیا اور اب آئندہ سمسٹر کے لیے بھر پور تیاریاں جاری ہیں۔

بہاول پور:بزدار حکومت کی ہدایت پر ضلع بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 15اور 16جولائی 2020ء کو 1233مقامات پر جا کر اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کئے اور اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔اس دوران 87مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے موقع پر ہی 114300/-روپے جرمانہ عائد کیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تنبیہ کی ہے کہ اشیائے خوردونوش مقرر کردہ نرخ پر فروخت کی جائیں اور نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری کے وقت دشواری نہ ہو۔
٭٭٭٭٭

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close