fbpx

قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے12عارضی سیل پوائنٹس15جولائی تک قائم کرنے کی ہدایت

رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع میں عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے چاروں تحصیلوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے12عارضی سیل پوائنٹس15جولائی تک قائم کئے جائیں گے،تمام تحصیلوں میں بلترتیب تین، تین سیل پوائنٹس ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس سے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے عارضی سیل پوائنٹس کے قیام و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران موجو دتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام عارضی مویشی منڈیوں میں داخلی وخارجی راستہ ایک ہی بنایا جائے گا جبکہ منڈیوں میں مویشیوں کے داخلے کیلئے علیحدہ راستہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام عارضی مویشی منڈیوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ہوں گے علاوہ ازیں تمام منڈیوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، محکمہ لائیو سٹاک اپنا کیمپ قائم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام مویشی منڈیوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی جبکہ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے آنے والے افراد ماسک، گلوز(دستانے) کا استعمال لازمی کریں گے جبکہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو مویشی منڈیوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے آمدہ حفاظتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کے پابند ہوں گے جبکہ عوامی آگہی کے لئے بھر پور تشہیری مہم چلائی جائے گی تاکہ اس اہم فریضہ کی ادائیگی کے دوران وہ کورونا وائرس سے متاثر نہ ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز عوام کو اجتماعی قربانی کی جانب راغب کرنے کے لئے اقدامات اور سہولیات کا انتظام کریں اور ایسے بڑے اداروں سے رابطہ کیا جائے جو اجتماعی قربانیوں کا انتظام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مویشی منڈیاں شہری حدود سے باہر چار دیواری میں قائم کی جائیں گی اور شہری حدود میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کرنیوالوں کے خلاف پولیس اور انتظامیہ کارروائی کرے گی

۔مویشی منڈیوں اور ضلع کی حدود میں فروخت کی غرض سے آنے والے قربانی کے جانوروں کی صحت کا جائزہ محکمہ لائیو سٹاک کی ذمہ داری ہو گی۔بیمار و لاغر جانور فروخت نہیں کرنے دئیے جائیں گے جبکہ جانوروں میں کورونا اور کانگو وائرس سے تحفظ کے لئے بھی محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ ہیلتھ  مشترکہ کارروائی کریں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے میونسپل ادارے اپنا پلان 15جولائی تک ضلعی ہیڈ کواٹر کو فراہم کریں گے جبکہ ہر مویشی منڈی میں حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں مجاز آفیسر تعینات کریں گے جو تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی و قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی تلفی یقینی بنانے کے لئے تمام میونسپل ادارے پیشگی حکمت عملی تیار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close