علامہ عبدالرؤف ربانی کی جعفرآباد میں جعفرا قبال گجر سے ملاقات
رحیم یارخان :پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما وسابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سینیٹر چوہدری محمد جعفرا قبال سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری چیئرمین عوامی پارلیمنٹ علامہ عبدالرؤف ربانی کی جعفرآباد میں اْن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،
دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال خاص طور پر جنوبی پنجاب اور ضلع رحیم یارخان میں امن و امان، عوامی مسائل اور مستقبل کے ممکنہ سیاسی منظرنامے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چوہدری محمد جعفرا قبال نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور اْن کی جلد مکمل صحت یابی کے حوالے سے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علامہ عبدالرؤف ربانی نے صوبے کی ٹیل کے اضلاع رحیم یارخان اور راجن پور میں امن وامان کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے عوامی پارلیمنٹ کی کاوشوں کے بارے میں بریف کیا اور کہا کہ روجھان سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری اور صادق آباد سے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے پارلیمنٹ میں جس دردمندی سے اس مسئلے کو اْٹھایا ہے
وہ قابل قدر ہے، چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ وہ سردار ریاض محمود مزاری کے ایک متحرک اور جرات مند پارلیمنٹیرین کے طور پر مثبت کردار کے ہمیشہ سے معترف رہے ہیں اور اْن کے ساتھ اْن کے دیرینہ ذاتی تعلقات ہیں،
انہوں نے سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے خاندان اور اْن کے جواں عزم صاحبزادوں مخدوم مرتضٰی محمود ایم این اے اور مخدوم مصطفیٰ محمود ایم این اے کو پارلیمنٹ میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا اور کہا کہ ضلعی سیاست ہو یا جنوبی پنجاب کے معاملات مخدوم سید احمد محمود کے گھرانے کا ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے۔
روجھان اور صادق آباد خاص طور پر دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں امن وامان کے حوالے سے جو تشویشناک صورتحال ہے اس کی طرف توجہ دلانا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے سردار ریاض محمود مزاری اور مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے اس حوالے سے بارش کے پہلے قطرے کا جو کردار ادا کیا ہے عوامی پارلیمنٹ کی طرف سے اْسے آگے بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے،
وہ مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی خاص طور پر اپنی صاحبزادی زیب جعفر ایم این اے سے بھی اس سلسلے میں بات کریں گے کہ اس مسئلے کے مستقل بنیادوں پر حل تک یہ آواز پارلیمنٹ کے ایوانوں میں گونجتی رہنی چاہیئے۔
یاد رہے کہ چوہدری جعفر اقبال اور اْن کے صاحبزادے چوہدری محمد عمر جعفر پچھلے کئی ماہ سے رحیم یارخان میں گراس روٹ لیول پر عوامی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،
علامہ عبدالرؤف ربانی نے ضلعی اور ملکی سیاست میں چوہدری جعفر اقبال کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ سیاست میں سخت زبان کے استعمال اور اصولی اختلافات کو ذاتی دشمنی سمجھ لینے کے موجودہ تشویشناک حالات میں چوہدری محمد جعفر اقبال جیسی دھیمے مزاج کی دوراندیش سیاسی قیادت بلاشبہ کسی نعمت سے کم نہیں،
اْنہوں نے اس موقع پر مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما بیگم عشرت اشرف کی خیریت دریافت کی اور اْن کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، علامہ عبدالرؤف ربانی نے رحیم یارخان کے عوامی مسائل کے حل کیلئے چوہدری جعفراقبال کے گھرانے کی چالیس سالہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ وہ واحد خاندان ہے کہ جس کا ہر فرد ہر وقت عوامی خدمت کیلئے کمر بستہ رہتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مستقبل کی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی جمہوری جدوجہد پر بھی تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ خطے کی سٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں اس وقت پاکستان کو جو چیلنجز درپیش ہیں
اس کی وجہ سے 22 کروڑ عوام تمام اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں کی اس وقت پہلی ترجیح ملکی سلامتی ہے، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ رابطوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اور صوبے کی ٹیل کے اجتماعی عوامی مسائل کے حل کیلئے آل پارٹیز سطح پر اجتماعی جدوجہد کے آئیڈیا کو بھی آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔