ماہی چوک سانحہ،کچے میں آپریشن جلد شروع کیا جائے گا ، ڈی پی او
رحیم یار خان : صادق آباد کی سیاسی لیڈر شپ کی ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء سے ملاقات،خوش آمدید کہا اور ڈی پی اوکی سانحہ ماہی چوک کے مقتولین کے ورثاء سے کی گئی تعزیتی ملاقات اور ملزمان کی جلد گرفتاری کے تحرک اور کچہ آپریشن شروع کیے جانے کو سراہا۔
ڈی پی او آفس میں مخدوم مرتضیٰ محمود(ایم این ایے)، مخدوم عثمان محمود(ایم پی اے)، ممتاز علی چانگ(ایم پی اے)، چوہدری اظہر خان لغاری(ضلعی ناظم)، سجاد وڑائچ(ٹکٹ ہولڈر)، رانا طارق، عبدالصبور چوہدری(کوارڈینیٹرچوہدری شفیق) اور حافظ فیض الرحمٰن کی ڈی پی او رحیم یار خان کیپٹن(ر) محمد علی ضیاء سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سیاسی شخصیات کا کہنا تھا کہ ڈی پی او علی ضیاء کے چارج سنمبھالتے ہی اگلے روز سرکل صادق آباد کے دورہ کو سراہتے ہیں جہاں انہوں نے سانحہ ماہی چوک کے مقتولین کے ورثاء سے اظہار تعزیت، فاتحہ خوانی اور دعا کی اور ان کے غم کو اپنا غم تسلیم کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ ملزمان کو ان کے انجام تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھ سکتا۔
صا دق آباد کی امن و امان کی صورتحال بالخصوص سانحہ ماہی چوک کے حوالہ سے تفصیلا گفتگو ہوئی جس میں ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے یقین دلایا کہ جہاں ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں وہیں پر پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں تا کہ پولیس کے جوان ہر طرح کی صورتحال میں بہتر پرفارم کر سکیں۔
سانحہ ماہی چوک کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں اور ملزمان کو انجام تک پہنچانے کے لیے ہر طرح کے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شر پسند اورجرائم پیشہ عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔
اس موقع پرسیاسی لیڈر شپ نے ڈی پی او اور ضلعی پولیس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔