ضمنی انتخابات موجودہ حکومت کے لئے ریفرنڈم ثابت ہوں گے۔مریم نواز

رحیم یار خان:مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے سابق مرکزی صدر مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین و ایم پی اے بیگم عشرت اشرف کی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پی ڈی ایم تحریک، ضمنی و سینیٹ انتخابات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے بیگم عشرت اشرف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو گھر جانا ہو گا اس ملک کے22کروڑ عوام مزید اس نااہل حکومت کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔
پی ڈی ایم ایک نظریہ کا نام ہے جس کا مقصد عوام کے ووٹ کو عزت دلانا اور عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو ہی ایوان میں لیکر جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نالائق، نااہل اور جھوٹ میں ایک دوسرے سے سبقت لیجانے والی کابینہ پر مشتمل ہے جنہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، ضمنی انتخابات موجودہ حکومت کے لئے ریفرنڈم ثابت ہوں گے۔
سینئر مرکزی رہنما مسلم لیگ(ن) بیگم عشرت اشرف نے مسلم لیگ(ن) او رپی ڈی ایم کی اس حکومت کے خلاف جاری جمہوری کوشش و حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضمنی اور سینٹ انتخابات میں حصہ لینا پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا احسن فیصلہ ہے تمام لیگی ارکان پارلیمنٹ کے استعفے قیادت کو جمع ہیں جبکہ ان کا استعمال دانشمندانہ انداز میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے کہ ایک زرعی ملک میں گندم سیزن کے فوری بعد گندم کا بحران پیدا ہو جاتا ہے جبکہ چینی کرشنگ سیزن کے دوران ہی چینی کے نرخ بڑھا دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت حکومت کی چھتری تلے مختلف مافیاز کام کر رہے ہیں جوعوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں جبکہ اس سلیکٹڈ حکومت کو اس سے کوئی سروکار نہیں وہ بس ایک ہی راگ الاپتی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو این آر او نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو آئینی طور پر کام کرتے ہوئے یکطرفہ احتساب کی بجائے فارن فنڈنگ، بلین ٹری، بی آر ٹی، ایل این جی، آٹا و چینی چوری جیسے کیسز کا فوری فیصلہ کرنا ہو گا تاکہ عوام کو اس نااہل ٹولے سے نجات حاصل ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »