fbpx

چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی ایک بین الاقوامی موٹر سپورٹس ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے،کمشنر بہاولپور

کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی ایک بین الاقوامی موٹر سپورٹس ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور14 سے 17 فروری تک اس ریلی کے شایان شان انعقاد کے لیے متعلقہ محکمے جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت تمام انتظامات بروقت مکمل کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن نےئر اقبال نے چولستان ڈیزر ٹ جیپ ریلی کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جیپ ریلی کا روٹ گذشتہ سال کے ٹریک کے مطابق برقرار رکھا جائے گا۔ ریلی کے دوران 8ڈیزرٹ ایمبولینس بمعہ میڈیکل سٹاف ٹریک کے ساتھ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تعینات کی جائیں گی۔ اس موقع پرپولیس، رینجرز اور آرمی کے دستے سکیورٹی اور کمیونیکیشن سسٹم کے حوالہ سے معاونت فراہم کریں گے۔ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوران مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے قلعہ ڈیراور کے نزدیک عارضی کرافٹ بازار اور مقامی کھانوں کے سٹال کا انتظام کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کلچرل نائٹ میں چولستانی فنکاروں کو مؤثر نمائندگی دی جائے گی۔ چولستان کا مشہور اونٹ رقص اور محکمہ سپورٹس کے زیر انتظام کبڈی کے میچ کاانعقاد بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل کمشنر اشتمال تنویر حسین جھنڈیر، ایس پی رب نواز، جنرل منیجر ٹی ڈی سی پی اسجد غنی، ایم ڈی سی ڈی اے وسیم انور خان، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میاں امام بخش، صدر پریس کلب نصیر احمد ناصر،جنرل سیکرٹری میاں عزیز الدین، ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی شاہد محمود، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان قدیر، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر رب نواز، ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی سی رحیم یارخان جمیل احمد جمیل و ڈی سی بہاول نگر ایس ڈی خالد شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »