صادق آباد:ترقیاتی منصوبوں کے لیے 55 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کا اعلان
رحیمیارخان: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے پر عزم ہے اور پورے ملک میں یکساں نظام کے تحت ہر فرد کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے انڈسٹری کی ترقی اور انجینئرنگ شعبہ کے فروغ سے ہی ترقی کا پہیہ تیز کیا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ڈاکٹر خرم شہزاد کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا
وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ 317 ایکڑ انڈسٹریل اسٹیٹ کے فیز 2 کو جلد منظور کر کے اس میں مزید سہولیات کی فراہمی کی جائے گی جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو سی پیک سے منسلک کرنے کے لیے اقبال آباد سے یہاں تک سڑک بھی دی جا رہی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ رابطوں میں آسانی پیدا ہو
انہوں نے کہا کہ گجرانوالہ اور بہاول پور ڈویژن کو پنجاب میں مثالی انڈسٹریل اسٹیٹ کے طور پر روشناس کرایا جا رہا ہے اور حکومت کی ان کاوشوں میں صنعت کاروں ، کاروباری حضرات کا بھر پور تعاون شامل ہے انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کو جلد سوئی گیس کی فراہمی کر دی جائے گی صنعتکاروں کی نشاندہی اور مطالبے پر وفاقی وزیر نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے ریٹرن کی فوری واپسی اور ایف بی آر اور سیلز ٹیکس میں کمی کے لیے حکومتی سطح پر آواز اٹھانے اور مطالبات منظور کرانے کا وعدہ کیا
ڈویژن بہاول پور کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنی بیپکو کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کا باقاعدہ اعلان وزیر اعظم پاکستان عمران خان 11 اگست کو دورہ بہاول پور کے دوران کریں گے انہوں نے کہا کہ بہاول پور انڈسٹریل زون کو سی پیک سے منسلک کرنے کے لیے 4 ارب روپے کی سڑک جھانگڑہ سے بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ تک منظور کر کے اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے
صنعتکاروں کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ چاول کے بیج میں پیسٹی سائیڈ کے زیادہ استعمال سے بیرون ملک ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے سی پیک کے ساتھ بائیو ٹیکنالوجی لیبارٹی کا قیام کرایا جائے تاکہ یہ اہم مسئلہ حل ہو اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں چائنہ سے آنے والے انویسٹرز ، صنعتکاروں سے رابطوں کے لیے اور رجسٹریشن کے لیے ملتان سے رحیم یار خان میں کسٹم ز ون قائم کیا جائے
اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد ، چوہدری نعیم شفیق ، مہر محمد افضل ، سیٹھ عبدالماجد ، وقاص ماجد بھی ساتھ تھے قبل ازیں صادق آباد کے کاروباری شخصیات نے ٹکٹ ہولڈر سجاد وڑائچ اور ڈاکٹر طالوت سلیم باجوہ کی سربراہی میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت سے ملاقات کی اور انہوں نے صادق آباد کے شہری مسائل بارے تفصیل سے آگاہ کیا
جس پر مخدوم خسرو بختیار نے صادق آباد شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 55 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کا اعلان کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ پوری تحصیل صادق آباد کے لیے علیحدہ سے ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں اور ہم کوشش کر کے شہر کے لیے مزید 10 کروڑ روپے فراہم کریں گے ، 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صادق آباد میں علاج معالجہ کی سہولیات اور 5 کروڑ روپے شہر کی خوبصورت کے لیے بھی فراہم کیے جائیں گے
قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے دورہ بھونگ کے دوران سابق ایم پی اے رئیس محبوب احمد کے گھر جا کر ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی بعد ازاں علیحدگی میں طویل ملاقات کے دوران ضلع رحیم یار خان کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی اور واقعہ بھونگ پر بھی رئیس محبوب احمد کو امن و امان کے حوالے سے اہم ذمہ داری سونپی ، وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیار نے میپکو کے افسران سے ملاقات کے دوران انہیں ضلع رحیم یار خان میں بجلی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ سوئی گیس کے افسران کو بھی سوئی گیس کے منصوبے معیاد کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سکیموں کے لیے پرپوزل مانگی یوٹیلٹی سٹور کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو یوٹیلٹی سٹور پر موجود اشیائے صرف پر سالانہ 100 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے پھر بھی یہ شکایات عام ملتی ہیں کہ 50 فیصد اشیائے صرف صارفین کی بجائے دکانداروں کو فروخت کر دی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں آن لائن سسٹم رائج کر رہی ہے جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر دی جانے والی اشیائے کا ہر آئیٹم آن لائن ہو گا انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاول پور اور ملتان کے قیام کے بعد یہاں کی آبادی کے تناسب سے ترقیاتی بجٹ اور سرکاری ملازمتوں کا کوٹہ بھی مختص کر دیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کی علیحدہ کتاب چھاپ دی گئی ہے اب ہمارے فنڈز پر کوئی ڈاکہ زنی کی جرات نہیں کر سکے گا ۔