رحیم یارخان :دشمن ملک کو فرقہ وارانہ فسادات کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں
رحیم یارخان: عالمی سامراجی ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹ وطن عزیز میں مذہبی منافرت‘ بدامنی پھیلا کر ملکی سلامتی وخوشحالی کو نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں‘
امن پسند اسلام کے شیدائی سیدنا امام حسینؓ کے پیروکار ملکی استحکام‘ مذہبی رواداری اورقیام امن کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کوبرقرار رکھنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔
ماہ محرم کی آمد ہے‘ تمام مسلک کے اکابرین ایک دوسرے کے مسلک کے احترام کو برقرار رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان بہاولپور ڈویژن کے صدر ممبر صوبائی امن کمیٹی چوہدری محمدریاض نوری نے اپنے سیکرٹریٹ میں فلاحی تنظیم انجمن اصلاح معاشرہ موضع قیصرچوہان کے جنرل سیکرٹری ظہیرعباس چوہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جے یوپی کے ضلعی ناظم نشرواشاعت محمودحسن چوہان بھی موجود تھے۔چوہدری محمدریاض نوری نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل ترین حالات سے گذر رہا ہے‘
ملک دشمن قوتوں کے گماشتے مٹھی بھر عناصر مذہبی انتہاپسندی کی آگ بھڑکا کراور دینی جماعتوں کی صفوں میں انتشار پھیلا کر ملک کو فرقہ وارانہ فسادات کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ محرم ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی کا درس دیتا ہے‘ ملک کی سلامتی‘ خوشحالی‘ امن کا قیام اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے محبوبؐ کے نظام قانون کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔