کمشنر بہاولپورظفر اقبال نے عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کے معیار کا جائزہ
رحیم یار خان:کمشنر بہاولپور ڈٖویژن کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال کا دورہ رحیم یار خان، ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کے ہمراہ مختلف دفاتر کے سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے افسران و عملہ کی حاضری، عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کے معیار کا جائزہ لیا
جبکہ اپنے دورہ کے دوران کمشنر بہاولپور نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواۃ چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ مختلف ڈٖویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا اور سٹی پیکج کے تحت زیر تعمیر مختلف شاہرات کا کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال نے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر آفس، اراضی ریکارڈ سنٹر، ڈومیسائل برانچ سمیت دیگر دفاتر کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے افسران و عملہ کی حاضری اور عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کے معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنررحیم یار خان کے آفس اور اراضی ریکارڈ سنٹرمیں آئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرکاری عملہ کے رویہ اور کام کی رفتار بارے استفسار کیا۔
عوامی شکایات پر ڈویژنل کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان آفس کا تمام عملہ معطل کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی غیر موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
کمشنر بہاولپور نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورہ پر بھی شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) کو ہدایت کی کہ وہ خود اراضی ریکارڈ سنٹر میں بیٹھ کر شہریوں کے مسائل حل کریں جبکہ اے ڈی ایل آر اور عوامی شکایات میں اضافہ کا باعث بننے والے عملہ کے خلاف کارروائی کریں۔
انہوں نے اپنے دورہ کے دوران شہریوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر چیف سیکرٹری پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام سرکاری افسران مقررہ وقت پر دفاتروں میں پہنچیں اور دن کا آغاز شہریوں سے ملاقات سے کریں۔
انہوں نے کہا کہ تما م ضلعی و تحصیل افسران کو ہدایات ہیں کہ وہ صبح دو گھنٹے شہریوں سے ملاقات کے لئے وقف کریں جبکہ عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے افسران و عملہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کسی صورت قبول نہیں ایسے تمام ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔بعد ازاں کمشنر بہاولپور کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواۃ چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔
انہوں نے سرکاری افسران کے لئے زیر تعمیر بیچلر ریذیڈنسی اور سٹی پیکج کے تحت زیر تعمیر سڑکوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تر قیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں جبکہ کام کی رفتار کو معیار پر اثر انداز نہیں ہونا چاہے۔تمام فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار ترجیح ہے۔