شیخ ہسپتال و میڈیکل کالج سے ملحقہ سڑک پر تجاوزات کی بھرمار

رحیم یارخان : شیخ زید ہسپتال سے ملحقہ سڑکات پر تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کی بھرمار، پیدل گزرنا محال ہوگیا، دکانداروں، پرائیویٹ کلینکس، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریز مالکان نے ماہانہ بنیادوں پر ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں کو دکانوں کے سامنے ٹھیلے سجانے کی اجازت دیکر خود ساختہ حکمرانی قائم کرلی، میونسپل کمیٹی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی آنکھیں بند ہونے کی وجہ سے تجاوزات مافیا کے حوصلے بلند تجاوزات میں آئے روز اضافہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال لانے والی ایمبولینسز اور پرائیویٹ گاڑیوں کی ایمرجنسی تک رسائی میں مشکلات پیش آنے کے واقعات معمول بن گئے،

شہریوں کی جانب سے نئے آنیوالے ڈپٹی کمشنر سے تجاوزات مافیا کیخلاف موثر کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ زید ہسپتال سے ملحقہ پل سکول بازار تا جیل چوک، مین گیٹ شیخ زید ہسپتال تا سٹی چوک اور ذیلی سڑکات و گلیوں میں تجاوزات مافیا کا مکمل کنٹرول دکانداروں، پرائیویٹ کلینکس، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریز مالکان نے ماہانہ بنیادوں پر ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں سے معاملات طے کرکے اپنے کلینکس اور دکانوں کےسامنے سڑک کے دونوں طرف غیر قانونی طور پر اڈے قائم کرارکھے ہیں جس کی وجہ سے ہسپتال آنیوالے مریضوں اور خصوصاً ایمبولینسز اور پرائیویٹ گاڑیوں پر لائے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے آئے روز سیریس مریضوں کو ایمرجنسی تک پہنچنے میں چند منٹ کا فاصلہ انتہائی دشوار ہوجاتا ہے،

سڑکات کے اطراف میں ریسٹورنٹس مالکان بھی تجاوزات مافیا سے پیچھے نہیں رہے سڑک کے فٹ پاتھ پر ٹیبل کرسیاں اور چارپائیاں ڈال کر ہوٹل چلارہے ہیں اس کے علاوہ پرائیویٹ اسٹینڈز جن میں موٹرسائیکل، کار، موٹرسائیکل رکشہ اور ایمبولینسز شامل ہیں نے بھی غیر قانونی طور پر تجاوزات کرکے عام راہگیروں اور مریضوں کا پیدل گزرنا بھی محال بنا رکھا ہے

شہر کے انتہائی حساس علاقے میں تجاوزات اور غیر قانونی اسٹینڈز، ہوٹلز کی وجہ سے ٹریفک کا نظام آئے روز درہم برہم ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کا حرکت میں نہ آنا شہریوں کے نزدیک مجرمانہ غفلت کا باعث ہے، شہری حلقوں نے نئے تعینات ہونیوالے ڈپٹی کمشنر، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ زید ہسپتال سے ملحقہ سڑکات کو تجاوزات مافیا سے صاف کروا کے شہریوں کی ہسپتال تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے موثر اور عملی اقدامات کریں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button