پاک افواج پر انگلیاں اٹھانا اور تنقید کا نشانہ بنانا کھلم کھلا ملک سے غداری ہے

رحیم یارخان:پاک افواج پر انگلیاں اٹھانا اور تنقید کا نشانہ بنانا کھلم کھلا ملک سے غداری ہے‘ اپوزیشن اور حکمران ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر وطن عزیز کو بحرانوں سے نکالنے اور مغربی تسلط سے نجات دلانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں‘

ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی‘ بے حیائی‘ مغربی کلچر‘ مہنگائی‘ بیروزگاری سے نجات کا واحد راستہ ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت‘ مذہبی انتشار‘ مقدس ہستیوں کی شان میں کی جانیوالی گستاخیاں بیرونی اور ملک دشمن عناصر کی اسلام کے خلاف ایک بہت بڑی سازش ہے۔

ان خیالات کااظہار جمعیت علماء پاکستان ضلع رحیم یارخان کے ناظم نشرواشاعت محمود حسن چوہان نے انجمن نوجوانان اسلام کے ضلعی صدر راؤ جان محمدوارثی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسلام کے شیدائی اور محب وطن قوتیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اورمغربی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے خواہش مند اسلام دشمن عناصر جو ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے اور مسلمانوں کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں ان سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشائخ‘علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ امت مسلمہ کی بقاء‘ اسلام کی سربلندی اور ملکی استحکام کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مسلح افواج پر تنقید کرنے والوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مسلح افواج کی ملکی بقاء اور دہشت گردی سے نجات کیلئے دی گئی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Exit mobile version