پنجاب بھر میں معصوم بچوں‘ بچیوں سے زیادتی اور قتل پولیس کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہے

رحیم یارخان: پنجاب بھر میں معصوم بچوں‘ بچیوں سے زیادتی اور قتل پولیس کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہے‘ جرائم میں اضافہ اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی میں میڈیا کا بھی بڑا عمل دخل ہے‘
ٹی وی چینلوں پر بے ہودہ مغربی طرز کلچر اور اسلام کے منافی ڈراموں کے باعث معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہوکر جرائم کے راستے پر چل نکلا ہے۔
ان خیالات کااظہار جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ نوراحمدسیال‘ ڈویژنل صدر چوہدری ریاض احمدنوری نے مختلف علاقوں سے آئے پارٹی کے اراکین سے ملاقات اور صادق آباد میں جے یوپی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مولانا عبدالعزیز نقشبندی‘ قاری غلام یٰسین‘ قاری محمد ابراہیم‘ قاری محمدشاہد‘ خلیفہ غلام محی الدین قادری‘ زاہد یٰسین شمسی‘ ضلعی ناظم اطلاعات محمود حسن چوہان بھی موجود تھے۔
جے یوپی کے رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب میں کم عمر بچوں سے زیادتی اور ان کو بے رحمی سے قتل کی وارداتیں روزانہ کا معمول بن چکی ہیں‘
ایسے واقعات کھلم کھلا قانونی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلوں پر ایسے ڈرامے دکھائے جارہے ہیں جو فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے کے قابل نہیں ہیں۔
سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں بے حیائی‘ عریانی کو فروغ دیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ واقعہ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے‘
پولیس میرٹ پر ایسے واقعات کی تحقیقات کرکے مجرموں کو سخت سزائیں دلوائے تو ایسے ظالمانہ واقعات کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close