ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

aman committee ijlas rahim yar khan news

رحیم یار خان:رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت منعقدہ ہوا جس میں شرپسندوں پر نظر ، مذہبی رواداری کو برقرار رکھنے اور اشیاء ضروریہ کی معیاری و سستے داموں فروخت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن رانا محمد اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز نجم، فاروق قمر،ڈی ایس پی سپیشل برانچ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان اور ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینہ میں حضرت علیؓ کا یوم شہادت بھی ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ حکمت عملی تیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل تمام اہم مقامات ، مساجد ، امام بارگاہوں ، بازاروں، مارکیٹس و دیگر جگہوں پر صفائی و سیوریج مسائل کے خاتمہ کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جو رمضان المبارک کے اختتام تک تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ بھی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ رابطہ مربوط بناتے ہوئے اپنی مذہبی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ رکھیں تاکہ سب کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ رمضان المبارک میں شرپسندوں ، ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ کرنے والوں پر نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی فوری نشاندہی کریں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ امسال رمضان المبارک میں علاقہ کی سطح پر مجسٹریٹس تعینات کئے گئے ہیں جو عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے منبر سے محبت ، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے پیغام کو عام کریں جبکہ سوشل مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے عوام میں آگہی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں سب سے زیادہ اموات روڈ ایکسیڈنٹ کے باعث ہو رہی ہے جس کی بڑی وجہ کم عمر موٹر سائیکل سوار اور ڈرائیورز ہیں علماء کرام نماز جمعہ کے خطبہ میں والدین کو کم عمر بچوں سے ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلانے کے نقصانات بارے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ مذہبی و قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے رمضان بازاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے ترنڈہ محمد پناہ اور رکن پور میں بھی رمضان بازار لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار اور تراویح کے اوقات کار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے لئے میپکو سے پلان طلب کر لیا گیا ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس سے بھی لوڈ شیڈنگ کے نئے شیڈول کے بارے میںمعلومات پبلش کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد ادریس، بابر زمان، مولانا فضل محمود حیدری، ریاض احمد نوری، سید شاداب الحسن گیلانی، مظہر مختار درانی، چوہدری اظہر جمیل نقشبندی، سید مجید حسن زیدی، حاجی اکبر علی شاہین، حاجی انور علی انصاری، صدر پریس کلب میاں احسان الحق، شیخ اللہ وسایا قصوری ودیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ضلع میں کسی قسم کی مذہبی منافرت موجود نہیں اور قیام امن کے لئے ہم سب ایک اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لمحہ فکریہ کے لئے اغیار غیر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے جبکہ ہمارے اہل ایمان بھائی قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں۔علماء کرام نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے لئے انتظامیہ کے ساتھ کام کریں گے اور ہمارے رضاکار بھی پولیس کے ساتھ سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اس میں مکمل قومی و مذہبی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گاعلاوہ ازیں اشیاء روز مرہ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ، ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔شرکاء نے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی جانب سے قبل از وقت تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت رمضان المبارک میں عوام کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواں ریلیف کی فراہمی کے لئے فلور ملز ایسوسی ایشن ، رائس اور گھی ملز مالکان کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حکومتی سبسڈی سمیت ضلعی سطح پر آٹا، چاول اور گھی کی قیمتوں کو مزید کم رکھنے پر اتفاق، چینی کی قیمت کو بھی دیگر اضلاع سے کم رکھنے کے لئے کوششوں کا فیصلہ۔ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی تاجر برادری نے ہمیشہ عوامی فلاح وبہبود اور ریلیف کے کاموں میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ اپنا اہم کردار ادا کیا ہے جس کو ضلعی انتظامیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینہ میں وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہیں جبکہ ان ایام میں زائد استعمال ہونے والے اشیاء روز مرہ کر خاطر خواں سبسڈی بھی حکومت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنی تاجر برادری کے ساتھ مل کر اس ضلع کی عوام کے لئے خصوصی پیکج کی خواہاں ہے تاکہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آٹا، گھی ، چاول اور چینی کی ان ایام میں طلب بڑھ جاتی ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی کے علاوہ اپنے ضلع کی سطح پر مزید نرخوں میں کمی چاہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ امسال ضلع میں دو نئے رمضان بازاروں کا اضافہ کیا گیا ہے ترنڈہ محمد پناہ اور رکن پور میں بھی رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ ماضی کی طرح صادق آباد، خانپور، لیاقت پور، رحیم یار خان میں رمضان بازار لگیں گے۔اجلاس میں فلور ملز ایسوسی ایشن سمیت دیگر رتنظیموں کی جانب سے اس ضلع کی عوام کو رمضان المبارک میں معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی گئی کہ آٹا، گھی اور چاول کی قیمتوں میں 10روپے فی کلو ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چینی کی قیمت میں کمی کے لئے بھی شوگر ملز انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے انشاء اللہ چینی کی قیمتوں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں صدر کریانہ ایسوسی ایشن چوہدری اسد غفار، فلور ملز سے محمود خان درانی، حاجی غلام کبریا سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر)ریاست علی بھی موجود تھے۔

رحیم یار خان:ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں 9پیٹرول پمپس، 01بس اسٹینڈ،02سکولز،6ہائوسنگ سکیم سمیت دیگر سکیموں کی منظوری جبکہ 01میرج ہال کو مطلوبہ قواعد و ضوابط مکمل نہ کرنے پر ریجیکٹ کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے اجلاس میں ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ ہائوسنگ سوسائٹیز میں گرین بیلٹس اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کی ذمہ داری ہے جس پر وہ سختی سے عملدرآمد کرائیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ کوئی تعمیرات نقشے کے بغیر نہ ہونے دیں، بغیر نقشہ کے تعمیر ہونے والی عمارات کے مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر کو ہدایت کی کہ وہ نقشہ کی منظوری کے لئے آنے والے کیسز کو از خود چیک کریں اور حکومتی قوانین و قواعد و ضوابط کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری شفیق، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رحیم یار خان شیخ قاسم، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی صادق آباد محمود علی، پلاننگ آفیسر حسین لیاقت سمیت ہائوسنگ، ٹریفک پولیس ، ہائی ویز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع و میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام مین ہولز پر ڈھکن رکھیں جائیں کسی بھی حادثہ کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہو گا۔

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی ہدایت پر ضلع بھر میں آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی مہم جاری،سٹی رحیم یار خان میں اقبال نگر، عباسیہ ٹائون، عمر بلاک، نیو جنرل بس اسٹینڈ، علی بلاک، حبیب کالونی ، گلشن عثمان، چوک پٹھانستان ، ریلوے چوک ، لیور پُل سمیت دیگر آبادیوں میں 44جبکہ مجموعی طور پر ضلع بھر میں 65آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا۔تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں عوامی آگہی و تعاون کے لئے ضلعی سطح پر شکایات سیل قائم کیا گیا ہے عوام آوارہ کتوں سے متعلق معلومات ضلعی شکایت سیل کے ٹال فری نمبر080033444پر فراہم کر سکتے ہیں۔

aman committee ijlas rahim yar khan news

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close