کسی بھی مذہبی منافرت پر مبنی پوسٹ کو لائق یا شیئر نہ کیا جائے, امن کمیٹی اجلاس

رحیم یارخان :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)محمد علی ضیاء نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ریاست علی سمیت ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، خواجہ محمد ادریس، ریاض احمد نوری، بابر زمان، مولانا فضل محمود حیدری، میاں احسان الحق،عمر امین اویسی، علمبردار نقوی، قاضی خلیل الرحمن سمیت دیگر موجود تھے۔
ڈی پی او کیپٹن(ر) محمد علی ضیاء نے کہا کہ ضلع میں امن اور رواداری کی فضا کو برقرار رکھنے میں علمائے کرام کی شاندار خدمات قابل تحسین ہیں اور ضلع میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام متحد ہیں جو پائیدار امن کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی اور اس کے فوری بعد محرم الحرام کی آمد ہے ہمیں اپنے ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے مشترکہ کوششوں کو پروان چڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھے گی اور امن کے لئے ان کی تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کریں گے۔

اجلاس میں علماء کرام کی جانب سے قیام امن اور درپیش مسائل بارے جو نشاندہی کی ہے اسے تحصیل اور تھانہ سطح پر حل کرنے کے لئے ترجیحی احکامات جاری کئے جائیں گے تاکہ عید الاضحی اور محرم الحرام سے قبل زیادہ مسائل حل کئے جا سکیں۔

انہوں نے انچارج سیکورٹی کو ہدایت کی کہ وہ فوری میٹنگ بلا کر ایسے ذاکر جن کی زباں یا ضلع بند ی ہے اس سے قبل از وقت اہل تشیع برادری کو آگاہ کریں تاکہ بعد میں انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈی پی او نے کہا کہ پولیس دستیاب وسائل کے ساتھ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہے اور گذشتہ کچھ دنوں میں پولیس نے خاطرخواں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جرائم اور شرپسندی میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
انہوں نے علماء کرام کی تجویز پر تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنر ز اور ایس ڈی پی اوز کی سربراہی میں تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے علماء کرام سے کہا کہ مذہبی سکالرز کو رواداری، محبت اور امن کا درس دینا چاہیے خصوصی طور پر ہمیں اپنی نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کے اقدام سے بچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام جمعہ المبارک کے خطبہ میں والدین کو پیغام پہنچائیں کہ وہ سوشل میڈیا کے حوالہ سے اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔

اندرونی و بیرونی شرپسند عناصر حقائق کے برعکس مذہبی منافرت پر مبنی پوسٹس شیئر کرتی ہیں اور ہماری نوجوان نسل بغیر کسی تصدیق کے اسے شیئر، لائک یا کمنٹس کرکے اس شرپسندی کا حصہ بن جاتی ہے جو قیام امن کے لئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہبی منافرت پر مبنی پوسٹ کو لائق یا شیئر نہ کیا جائے اور اگر آپ تک کوئی ایسی چیز پہنچتی ہے تو اس کا سکرین شارٹ لیکر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو دیں اور اپنے اکاؤنٹ سے اسے ڈیلیٹ کر دیں تاکہ متعلقہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

علاوہ ازیں ڈی پی او نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر مارکیٹ، بازاروں، منڈی مویشیاں اور عید گاہوں کے لئے خصوصی سیکورٹی اور ٹریفک پلان جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں صرف وہی آرگنائزیشن اکھٹی کر سکے گی جس کے پاس انتظامیہ کا اجازت نامہ موجود ہوگا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی کی جانب سے قیام امن اور صفائی ستھرائی سمیت انتظامی امور بارے جو تجاویز دی گئی ہیں اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ پہلی فرصت میں تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے تحصیل سطح پر درپیش مسائل حل کریں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button