علماءکرام، تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈر ز حکومت کے دست بازو بنیں
رحیم یار خان:صوبائی وزیر عشر و زکواة پنجاب شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد ہے اور اس ماہ مبارکہ میں علماءکرام، تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈر ز حکومت کے دست بازو بنیں۔
کور ونا کی تیسری لہر سے ملک بھر کی طرح صوبہ پنجاب بھی شدید متاثر ہے اور ہم نے اس عالمی وباءسے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھتے ہوئے عبادات و کاروبار زندگی کو جاری رکھنا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام، سول سوسائٹی ، تاجر تنظیموں کی جانب سے شہریوں کو ایک ہی پیغام جائے کہ کورونا سے تحفظ کے لئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں موبائل امن کمیٹی، تاجر تنظیموں اور انتظامی محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواة چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے چوہدری مسعود احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنرز، علماءکرام، تاجر برادری کے عہدیدار ان شریک تھے۔
صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے سد باب کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس عالمی وباءسے نمٹنے کے لئے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سر دار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر اس ضلع کا وزٹ کر رہے ہیں تاکہ باہمی مشاورت سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے سمیت رمضان المبارک کے حوالہ سے حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
انہوں نے علماءکرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امن وامان، رواداری، محبت و خلوص کی فضا کو ہمہ وقت برقرار رکھتے ہوئے رمضان المبارک سمیت دیگر ایام میں اپنی عبادات کو رونا ایس او پیز کے تحت جاری رکھنی ہیں۔
انہوں نے تاجر برادری سے بھی کہا کہ حکومت یا انتظامیہ کسی صورت غیر ضروری جرمانے نہیں کرے گی ،
تاجر برادری مارکیٹس و دکانوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں جبکہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لئے بھی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کو جرمانوں کے لئے تنگ نہیں کیا جائے گا اور ہم بھی امید رکھتے ہیں کہ تاجر برادری بھی حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہو گی۔
انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک سے قبل اشیاءروز مرہ کی قیمتوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائے اور اشیاءروز مرہ کی قیمتوں، طلب و رسد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کا ایک وقت مقرر کیا جائے اور مارکیٹ کمیٹی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاءضروریہ کی مصنوعی قلت یا مہنگائی ہر گز نہ ہونے دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور اس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی، علماءکرام سمیت بین المذاہب ہم آہنگ کمیٹی کے کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ تاجر برادری کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں جبکہ جرمانوں کے حوالہ سے بھی پہلے وارننگ اور باز نہ آنے کی صورت میں جرمانے کریں۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں ضلع بھر میں 11رمضان بازار لگائے جائیں گے۔اجلاس میں علماءکرام اور تاجر تنظیموں کی جانب سے کورونا ایس او پیز سمیت اشیاءروز مرہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالہ سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔