چولستان کے 11 مقامات پر میڈیکل اور وٹرنری کیمپ قائم کر کے ضروری ادویات فراہم کردی گئی

رحیم یارخان : مانیٹرنگ ڈیسک  بہاول پور:12/مئی :کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر اشتمالات طارق محمود بخاری، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر خالد احمد نے ایم پی اے کاظم پیرزادہ کے ہمراہ چولستان میں قائم بیس کیمپ وٹرنری ڈسپنسری کالے پاڑ اور چنن پیر میں قائم کردہ میڈیکل و ویٹرنری کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنر حاصل ماجد بن احمد سمیت محکمہ صحت، لائیو سٹاک، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
انہوں نے گرمی کی حالیہ لہر سے متاثرہ چولستانی افراد کے لیے قائم کردہ امدادی کیمپ میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ایم پی اے کاظم پیرزادہ نے اس موقع پر چولستانی افراد سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر چولستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے اور حالیہ خشک سالی کے دوران چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے واٹر لائن پوائنٹس پر پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا
تاہم چولستان کے انتہائی دور دراز مقامات پر آباد چولستانیوں کو پانی اور آبادی کے نزدیک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اس ناگہانی صورت حال میں آن بورڈ ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی بدولت صورت حال کنٹرول میں ہے۔
ایڈیشنل کمشنر اشتمالات طارق محمود بخاری نے اس موقع پر بتایا کہ چولستان اور ان کے مال مویشیوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں اور چولستان کے 11 مقامات پر میڈیکل اور وٹرنری کیمپ قائم کر کے ضروری ادویات فراہم کردی گئی ہیں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button