چولستان رینجرز کا ابوظہبی کالونی میں فری میڈیکل کیمپ

سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ خدمت خلق میں مصروف پاکستان چولستان رینجرز کی جانب سے ابوظہبی کالونی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چولستان رینجرز کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف نے شہریوں کا معائنہ کرتے ہوئے مفت ادویات فراہم کیں جبکہ اس موقع پر بچوں میں خصوصی طور پر کھلونے، کاپیاں و دیگر سامان بھی تقسیم کیا گیا۔ونگ کمانڈر چولستان رینجرز کرنل طلعت اقبال نے مفت میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور میڈیکل کیمپ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات و ادویات کا معائنہ کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چولستان رینجرز فلاحٰ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے اور اس میڈیکل کیمپ کا مقصد بھی یہی ہے کہ ایسے مریض جو اپنی معاشی مشکلات کے باعث چھوٹی چھوٹی بیماریوں کو چیک کرانے کے لئے ہسپتال نہیں جا سکتے انہیں ان کی دہلیز پر ہی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس میڈیکل کیمپ میں آنے والے مریضوں کے کالیسٹرل، شوگر، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ سمیت دیگر بیماریوں کے مفت ٹیسٹ ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی کئے جا رہے ہیں اور بیماری تشخیص ہونے پر ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپ میں مریضوں کے ہمراہ آنے والے بچوں کے لئے کھلونے، کاپیاں سمیت دیگر تحائف بھی چولستان رینجرز کی جانب سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ونگ کمانڈر کو بتایا گیا کہ مفت میڈیکل کیمپ میں 300سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے جبکہ مقامی آبادی نے چولستان رینجرز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری سرحدوں کے محافظ شہریوں کی صحت کا بھی مکمل خیال رکھ رہے ہیں اور ہم جو اپنی بیماریوں کو چیک کرانے کے لئے شہر کے ہسپتالوں میں جانے سے قاصر ہیں ایسے علاقوں میں چولستان رینجرز کی جانب سے تسلسل کے ساتھ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کسی نعمت سے کم نہیں ہمیں اپنی مسلح فورسز پر فخر ہے جو ہمارے سکھ دکھ میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close