کافی پینے سے دل کی دھڑکن معمول پر رہتی ہے
رحیم یارخان : دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی بسااوقات جان لیوا بھی ہوسکتی ہے۔ اب ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ ایک سے تین کپ کافی پینے سے دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی (اردمیا) کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔
جرنل آف امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں 19000 افراد کا کئی برس تک مطالعہ کیا گیا ہے۔ دل کی بے ترتیب دھڑکن آرٹیریئل فبلریشن کہلاتی ہے جسے مختصراً اے فِب کہا جاتا ہے۔
تحقیقی نتائج بتاتے ہیں کہ روزانہ باقاعدگی سے ایک سے تین کپ کافی پینے سے دل کی بے ترتیب دھڑکن کا خدشہ 15 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
اگرچہ یہ تحقیق مردوں پر کی گئی تھی لیکن سال 2010 میں بھی خواتین پر ایسا ہی سروے کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مسلسل کافی پینے والی خواتین میں دل کی بے ترتیب دھڑکن کا خدشہ 20 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
دوسری جانب امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ کافی موڈ کو بہتر بناتی ہے اور دماغ کو فعال رکھتی ہے۔
اسی طرح کافی پینا دل کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے جس کے کئی سائنسی ثبوت بھی مل چکے ہیں۔