fbpx

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام 100دن مکمل ہونے پربہاول پور میں تقریب

رحیم یارخان :بہاول پور:06/جولائی:کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے عزم و ہمت کے 100دن مکمل ہونے پر ضلع کونسل ہال بہاول پور میں ایک تقریب منعقد ہوئی

جس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پورمظفر خاں سیال، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف سید محمد تحسین نواز گردیزی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اورنگزیب ملک، ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر عزیز الرحمن، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر رانا محمد یوسف، فوکل پرسن ڈاکٹر راؤ محمد ذاکر، انچارج ریسکیو 1122باقر حسین، ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، سٹاف ریسکیو 1122 اور کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنربہاول پور مظفر خاں سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام میں فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ اور دیکھ بھال کے کاموں میں اپنی خدمات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ہر شخص نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے بھی کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر بہاول پورنے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، محکمہ ریسکیو 1122،محکمہ پولیس،محکمہ سوشل ویلفیئر، سینٹری سٹاف اور دیگر اداروں کے افسران و سٹاف کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف سید محمد تحسین نواز گردیزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران و سٹاف کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید الالضحیٰ کے ایام میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس خدمات سرانجام دیں گے۔

تحسین نواز گردیزی نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بہت باصلاحیت ہیں جو اپنی خدمات شاندار انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اورنگزیب ملک نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں عزم و ہمت کے 100دن مکمل ہونے کے موقع پر شرکائے تقریب کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زائرین، تبلیغی جماعت کے افراد، بیرون ممالک سے آنے والوں اور پاکستان میں کام کرنے والے چائینیز کی سکریننگ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بروقت اقدامات کرتے ہوئے بہاول وکٹوریہ ہسپتال، سول ہسپتال سمیت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے بی ایس آیل تھری(BSL-III)لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں بہاول پور، رحیم یار خاں، بہاول نگر، لودھراں اور وہاڑی ضلع سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بہاول پور میں 8قرنطینہ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اور بہاول پور میں 100بستروں پر مشتمل کورونا فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔ ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر ریپڈ ریسپانس(Rapid Response)ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ اسی طرح کورونا سے متاثرہ علاقوں میں ڈس انفیکشن سپرے بھی کرایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر صدر انصاف لائیرز فورم نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال اور ضلعی صدر پی ٹی آئی سید محمد تحسین نواز گردیزی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، ریسکیو 1122، کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس اوردیگر اداروں کے افسران و سٹاف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں جبکہ متعدی امراض پر قابو پانے والے آفیسر (Communicable Disease Control Officer)اور متعدی امراض پر قابو پانے والے انسپکٹرز (Communicable Disease Control Inspector) کوموٹر سائیکل دی گئیں اور کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو شناختی کارڈز بھی دیئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال
ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال

ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیر پور ٹامیوالی کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کو علاج معالجہ کے حوالہ سے میسر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر خیر پور ٹامیوالی سید عثمان منیر بخاری، ایم ایس ٹی ایچ کیو خیر پور ٹامیوالی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنربہاول پور نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی، شعبہ آؤٹ ڈور،جنرل وارڈ، لیبارٹری سمیت کورونا وائرس آئسولیشن وارڈ کا معائنہ کیا اور ادویات کا اسٹاک بھی چیک کیا۔

انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیر پور ٹامیوالی میں جاری ترقیاتی کاموں کابھی معائنہ کیا اورہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام بروقت مکمل کئے جائیں۔

انہوں نے ہستال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مریضوں کو علاج معالجہ کے حوالہ سے میسر طبی سہولیات پراطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے احاطہ میں سدا بہار پودے لگائے جائیں اوران کی آبیاری اور دیکھ بھال پربھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ماحول سرسبز وشاداب ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »