رحیم یارخان میں 1لاکھ65ہزار950سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہےحکومت پنجاب کے حالیہ فیصلے کے مطابق 20فیصد کورونا ویکسین کروانے والی آبادی کے اضلاع میں مکمل طور پر معاشی، معاشرتی اور تفریحی سرگرمیوں کو بحال کر دیا جائے گا۔

ضلع رحیم یا رخان میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے شہری او رکارباری تنظیموں کو تعاون کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنے ضلع میں مکمل طور پر معاشی ، معاشرتی اور تفریحی سرگرمیوں کو بحال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع میں 1لاکھ65ہزار950سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اور الحمداللہ کسی بھی ویکسین سنٹر ز یا عوامی سطح پر ویکسین لگوانے کے بعد کوئی منفی ردعمل سامنے نہیں آیا لہذا شہری ویکسین کے حوالہ سے سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی منفی خبروں پر یقین نہ کریں اور بروقت ویکسین لگواکر کورونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے اور معمول کی زندگی بحال کرنے کی حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید، ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر عمران عباس سمیت دیگر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام، مذہبی رہنماﺅں، تاجر تنظیموں ، صنعتکار اور سول سوسائٹی کے افراد سے میٹنگ کرکے ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائیں۔

 20جون 2021ءکے بعد ضلع میں ویکسین نہ کروانے والے کاروباری مراکز ، شاپنگ مال اور صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی سرکاری یا نجی ادارے میں ایسے شخص کو سروسز فراہم کی جائیں گی جس نے تاحال ویکسین نہیں لگوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لئے چیمبر آف کامرس سمیت تمام بزنس کمیونٹی سے تعاون حاصل کیا جائے جبکہ علماءکرام کو شہریوں کو و یکسین کے حوالہ سے آگہی فراہم کریں۔اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں شہریوں کو پاکستان میں دستیاب تمام اقسام کی ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کسی بھی ویکسین لگانے کے بعد کوئی منفی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button