fbpx

رحیم یارخان میں کورونا کے 153مشتبہ مریضوں کے سیمپلز لئے گئے

رحیم یار خان :صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزراء تمام اضلاع میں کورونا وائرس بارے ضلعی اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے اور عوامی تعاون سے اسے شکست دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں انسداد کورونا اور عوامی حفاظت کے حوالہ سے بروقت اور موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے والی میڈیکل ٹیم کی ضروریات کا بھی ترجیحی بنیادوں پر خیال رکھا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی اور بروقت اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت صورتحال گرفت میں ہے تاہم اس میں مزید بہتری لانے کے لئے مزید جامع اقدامات اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا کے 153مشتبہ مریضوں کے سیمپلز لئے گئے جس میں سے82کے نتائج منفی،67کے نتائج کا انتظار اور 3مریض شیخ زیدہسپتال میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں موجود تمام غیر ملکیوں کو قرنطینہ مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ مریضوں سے رابطہ میں رہنے والے افراد بھی قرنطینہ میں ہیں۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت دیگر افسران نے موجودہ صورتحال بارے شرکاء کو بریفنگ دی۔


صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ گندم خریداری مراکز کا دورہ کے دوران انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم میں حکومت نے گردآوری کی شرط ختم کر دی ہے تاہم اس مہم کا شفاف بنانے کے لئے حکومت نے جو طریقہ کار طے کیا ہے اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے سینٹرز انچارج حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور سینٹرز پر آنے والے کاشتکاروں کے درمیان مناسب فاصلہ کو یقینی بناتے ہوئے درخواستیں جمع کریں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امسال محکمہ خوراک ضلع رحیم یار خان میں 1لاکھ47ہزار56میٹرک ٹن گندم کسانوں سے براہ راست خرید کرے گا اور اس سلسلہ میں ضلع کی تین تحصیلوں میں 20گندم خریداری مراکز قائم ہیں جبکہ تحصیل خانپور میں پاسکو کسانوں سے گندم خریدے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سنٹرز انچارج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریداری مراکز میں کسانوں کے بیٹھنے کا مناسب انتظام حکومتی ہدایات کے تحت کریں اور کسان سنٹرز پر داخل ہونے سے قبل اپنے ہاتھ اچھے انداز میں دھوئیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلع و تحصیل سطح پر شکایات سیل فعال کر دیئے گئے ہیں۔


صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغار ی نے ڈپٹی کمشنر علی شہزادکے ہمراہ اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس میں قائم قرنطینہ سنٹرز کا دورہ کرتے ہوئے قرنطینہ کئے گئے مشتبہ مریضوں کو فراہم کی جانب والی طبی و سماجی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم، ریاست علی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے قرنطینہ سنٹرز میں دستیاب سہولیات اور ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے پوری ٹیم پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹرز پر فرائض کی ادائیگی کرنے والے مشتبہ مریضوں کو سہولیات فراہمی کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور محکمانہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے مشتبہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر نے دانش سکول سمیت دیگر تجویز کردہ قرنطینہ مراکز کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا نے بتایا کہ مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سمیت دیگر سٹاف کی شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں اور عملہ کو حفاظتی کٹس بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close