ضلعی انتطامیہ اور سیاسی شخصیات کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ شہریوں کو سیوریج، صفائی ستھرائی، فراہمی ونکاسی آب اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی سمیت شہری نظام میں بہتری لانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان پارلیمنٹ ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، پی ٹی آئی رہنما چوہدری نعیم شفیق، حاجی ظہور گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم سمیت دیگر کے ہمراہ صفائی ستھرائی اور سیوریج کے نظام کو فعال رکھنے کے حوالے سے نشاط سینما روڈ، لکڑ منڈی چوک، بلجیئم چوک، صادق بازار، بانو بازار، جامع قادریہ روڈ سمیت اندرون شہر کے دورے کے دوران کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری ترقی اور عوام کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی کو مزید بہتراور فعال بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تاجر کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں اور سیوریج کے پانی سے مستقل نجات کے لیے فوری اور دیرپا دونوں منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ علاقائی تعمیر وترقی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کم وقت میں تیز اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے جلد عوام واضح تبدیلی دیکھیں گے۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ رحیم یار خان کے شہریوں نے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواران کو واضح برتری سے کامیابی دلائی تھی اب ہمارا فرض ہے کہ ہم عوامی مسائل حل کریں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحی ہے اور سیوریج سمیت دیگر مسائل کو مستقبل بنیادوں پر ختم کیا جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے ارکان پارلیمنٹ چوہدری جاوید اقبال وڑایچ اور آصف مجید کے ہمراہ عباسیہ فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اس موقع پر ایکسین ہائی ویز محمد کامران اکرم نے منصوبہ کی تکمیل بارے بریفنگ دی۔
 
 
 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »