پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

Earthquake# : پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

زلزلہ

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سمیت پاکستان کے شمالی علاقوں میں منگل کی دوپہر کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ، راولاکوٹ، ہٹیاں اور وادی نیلم میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز یونائیٹڈ سٹیٹس جیولاجیکل سروے اور پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 تھی جبکہ اس کا مرکز پنجاب کے شہر جہلم سے 5 کلومیٹر دور تھا۔

زلزلہ

ایس ایس پی میرپور عرفان سلیم کے مطابق اب تک چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک بچی شامل ہے۔ ان کے مطابق زخمیوں کے تعداد پچاس کے قریب ہے جس کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلے سے جہلم اور میر پور کا علاقہ متاثر ہوا ہے جبکہ ایک بچی کی ہلاکت اور 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز جہلم اور میر پور کے علاقے میں تھا اور نقصانات کے حوالے سے تین چار گھنٹوں میں بتایا جائے گا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ میر پور 15 کلومیٹر دور قصبہ جاتلاں ہے جو بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔

نامہ نگار مرزا اورنگزیب کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’اپر جہلم نہر کے ساتھ جاتلاں جانے والی روڈ مختلف جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ افضل پور کے قریب ایک پل بھی گر گیا ہے۔‘

زلزلہ

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکوں سے متعلق ابتدائی طور پر تاحال کسی بھی نقصان کی اطلاع پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم کو موصول نہیں ہوئی ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’فوج کے سربراہ نے سول انتظامیہ کا ہاتھ بٹانے کے لیے امدادی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔ فضائی اور طبی سہولیات سے لیس فوجی دستوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »