توانائی کے ابھرتے ہوئے ٹرینڈز اور سینسنگ ایپلی کیشنز سے ممتعلق دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس

رحیم یار خان: خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں توانائی کے ابھرتے ہوئے ٹرینڈز اور سینسنگ ایپلی کیشنز سے ممتعلق دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین شریک ہوئے اور اپنے تجربات شیئر کئے۔
کانفرنس کا انعقاد انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

کانفرنس سے جی سی یو فیصل آباد سے ڈاکٹر محمد اعجاز احمد خان ، ڈالیان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی چائنا کے سکول آف فزکس کے پروفیسر سی یو آئی لاہور سے ڈاکٹر ارسلان احمد، جی سی یو فیصل آباد کے ڈاکٹر عبدالرشید نے فزیکل اور آن لائن خطاب کیا۔

اس دوران مقررین نے مختلف سائنسی جہتوں پر اپنے خیالات کااظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں توانائی کے حصول کیلئے بھرپور کام کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں سامنے آنے والی نت نئی ایجادات انسانی زندگی کو سہل بنا رہی ہیں۔

مقررین نے پلازمہ نینو سائنس، کاربن نینو کوائلز، سینسنگ اینڈ رسپانس جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دوسرے روز جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو کے انسٹی ٹیوٹ آف سالڈ سٹیٹ کے ڈاکٹر ڈائوبان لیو، ڈالیان یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر امجد فرید،شین ژن یونیورسٹی سے ڈاکٹر عبدالصد اور دیگر نے خطاب کیا اور مذکورہ موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر رجسٹرار خواجہ فرید یونیورسٹی ڈاکٹر صغیر احمد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی نمائندگی کرتے ہوئے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ نے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسز کا مقصد ماہرین کے تجربات سے اساتذہ اور بچوں کو مستفید کرنا ہے۔

انہوں نے کہا علم کا تبادلہ ہوگا تو ہی یہ فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی طلبا و طالبات کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

کانفرنس میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد اسلم خان، ڈاکٹر جلات خان، ڈاکٹر فرحان چغتائی، ڈاکٹر میاں طارق محمود، ڈاکٹر عدنان نور، ڈاکٹر انور فاروق اور دیگر نے شرکت کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے سربراہ ڈاکٹر بلال طاہر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

شرکا نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر بلال طاہر کو مبارکباد پیش کی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button