fbpx

اسلامیہ یونیورسٹی میں نئی فیکلٹیوں اور شعبہ جات میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

رحیم یارخان :بہاول پور:05/جولائی: اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی سینڈیکیٹ نے مالیاتی سال 2020-21ء کے لیے 5387.983 ملین روپے کے بجٹ اور تدریسی اصلاحات کے تحت نئی فیکلٹیوں اور شعبہ جات میں اضافے کی منظوری دے دی۔

سینڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی زیر صدارت عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد، وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پورپروفیسر ڈاکٹر صائقہ امیتاز آصف، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر،سمیرا ملک، نمائندہ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر حافظ حیدر علی، نمائندہ سیکریٹری فنانس پنجاب شہزاد اختر ملک، ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر غلام حسن عباسی،اسسٹنٹ پروفیسر خلیل الرحمن، لیکچرار کلثوم اختر، خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابو بکر اور  رجسٹرار و سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل نے شرکت کی۔

اراکین نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تعمیر وترقی اور طلباء وطالبات کی فلاح وبہبود پر مبنی بجٹ کو سراہا۔ موجودہ بجٹ میں فیسیں نہیں بڑھائی گئیں اور سکالرشپ کی مد میں اضافہ کرکے طلباء وطالبات کے لیے سکالر شپ کی مد میں 383ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

گزشتہ چند ماہ میں داخلوں میں اضافے اور بہتر مالیاتی نظم ونسق کے باعث یونیورسٹی کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ترقیاتی بجٹ کی مد میں 1217.366ملین روپے رکھے گئے ہیں اور تین سالہ ترقیاتی پلان کے تحت چار نئے اکیڈمک بلاکس تعمیر کیے۔

ان میں فارمیسی، کنونشنل میڈیسن، لائف سائنسز، ویٹرنری، کمپیوٹر سائنسز، فزکس اور بائیو کیمسٹری وبائیو ٹیکنالوجی شعبہ جات اور بہاولنگر کیمپس کے لیے تدریسی بلاک شامل ہیں۔ یونیورسٹی میں فیکلٹیوں کی تعداد 6سے بڑھا کر 13اور شعبہ جات کی تعداد 48سے بڑھا کر 123کر دی گئی ہے۔ تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔

سینڈیکیٹ نے یونیورسٹی ٹیسٹنگ سروسز، ایگزیکٹو ٹریننگ سنٹر، سر صادق ریسرچ اینڈ کمپیوٹنگ سنٹر، ایچ ای سی ڈیٹا سنٹر اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کے قیام کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بہاول پور کے صحافیوں کے لیے الصادق سکالرشپ کی منظوری دی گئی جسکے تحت صحافیوں کے دو بچوں کو ہر سیشن میں فل سکالرشپ دئیے جائیں گے اور ایم فل و پی ایچ ڈی میڈیاا سٹڈیز میں ہر سال ایک صحافی کو سکالرشپ پر داخلہ فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں گزشتہ سلیکشن بورڈوں، سلیکشن کمیٹیوں، اکیڈمک کونسل اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف انتظامی، مالیاتی اور تدریسی معاملات زیر غور آئے اور ملازمین کے پنشن، مشاہرات، اسٹڈی لیو اور دیگر متعلقہ امور کی منظوری دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close