ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک کی تھانہ خیر پور ٹامیوالی،عنائتی کی انفارمل انسپکشن
بہاولپور: ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک نے تھانہ خیر پورٹامیوالی اور تھانہ عنائتی کی انفارمل انسپکشن کرتے ہوئے تھانہ کا ریکارڈ حوالات،تھانہ کی بلڈنگ کا معائنہ کیا۔
آر پی او نے تھانہ عنائتی کی نئی زیر تعمیر بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا اور جلد از بلڈنگ کو مکمل کرتے ہوئے تھانہ کو نئی جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے دونوں تھانوں کے ریکارڈ، صفائی ستھرائی اور کرائم کو چیک کیا۔آر پی اونے دوران انسپکشن تھانہ میں تعینات پولیس افسران و اہلکاران سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔
انہوں نے تھانہ کے فرنٹ ڈیسک کو چیک کرتے ہوئے آن لائن ریکارڈ کی تکمیل کے حوالے سے وہاں کام کرنے والے عملہ کو ہدایات بھی جاری کیں۔
بعد ازاں ریجنل پولیس آفس بہاولپور میں تقریب تقسیم انعامات کابھی انعقادکیا گیا جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاران کو تعریفی اسناد اور کیش انعام دیا گیا۔
سرقہ بالجبر، منشیات فروشی، قتل، زنا بالجبر، و دیگر سنگین جرائم میں ملزمان کی سزایابی کروانے اور لوٹا ہوا مال واپس کروانے پر تعریفی اسناد معہ انعامی چیکس دیے گئے۔
انعامات حاصل کرنے والوں میں، ضلع بہاولنگراور ضلع بہاولپور کے پولیس افسران و اہلکاران شامل تھے۔دورانِ تقریب آر پی او محمد زبیر دریشک نے کانفرنس روم میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انعام حاصل کرنے والوں کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اپنے فرائض محنت جانفشانی سے ادا کرنے والے عزت کے ساتھ ساتھ انعام کے بھی حقدار ہوتے ہیں۔میں امید کرتا ہوں آپ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دیں گے۔