رحیم یارخان جرگہ ،جرائم کی خطرناک صورتحال کی ذمہ دار نااہل پنجاب حکومت قرار
رحیم یارخان: پنجاب بھرمیں امن وامان اور جرائم کی خطرناک صورتحال کی ذمہ دار نااہل پنجاب حکومت ہے۔
وفاقی اور تین صوبائی حکومتوں کو کچہ کے علاقہ سے جرائم پیشہ افراد کے خاتمہ کیلئے مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ رحیم یارخان، راجن پور، کشمور اور گھوٹکی میں بااختیار پولیس افسران کو تعینات کیاجائے۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں 9افراد کاقتل افسوسناک ہے۔ سیاسی مداخلت کی روک تھام وقت کی ضرورت ہے۔ پولیس رحیم یارخان سمیت پنجاب بھر میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
ان خیالات کااظہار سابق گورنر پنجاب وصدر پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سیداحمد محمود نے جمالدین والی میں منعقد گرینڈ عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے۔
سکیورٹی ادارے خصوصاً کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور تین صوبائی حکومتوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کو مل بیٹھ کر تجاویز دینی اور لینی چاہیئں۔
اس موقع پر سابق ضلع ناظم وصدر مسلم لیگ ن اظہر خان لغاری سمیت ممبران اسمبلی، عمائدین نے بھی اپنے اپنے خطابات میں ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں 9افراد کے بیہمانہ قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کابھی مطالبہ کیاگیا۔
گرینڈ جرگہ میں ممبران اسمبلی مخدوم سیدمرتضیٰ محمود، مخدوم سید عثمان محمود، ممتاز علی چانگ کے علاوہ سابق ضلع ناظم سردار اظہرخان لغاری، سابق تحصیل ناظم چوہدری طالوت سلیم باجوہ کے علاوہ مخدوم سید علی محمود، سردار حبیب الرحمان خان گوپانگ، چوہدری سجاد وڑائچ، چوہدری شفیق پیاء، چوہدری عامرتقی، چوہدری فاروق عزیز گجر، خالد بن سعید ایڈووکیٹ، میاں بشیراحمد، رانا طارق محمود، حافظ عبدالرزاق، مجیب ارجمند خان، چوہدری شہزاد عادل باجوہ کے علاوہ دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقتولین کے ورثاء سے اظہارہمدردی کرنے کے ساتھ ساتھ ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔
جرگہ میں چوک ماہی کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں 9افراد کے بیہمانہ قتل کے بعد پیدا ہونیوالی امن وامان کی تشویشناک صورتحال پر غوروغوض کیاگیااور مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے جرگہ میں شریک شخصیات نے اظہارخیال کیا۔
اس موقع پر ضلع میں چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔