خواجہ فرید آئی ٹی یونیورسٹی عالمی سطح پر رینکنگ میں300ویں نمبر پر
رحیم یار خان:وائس چانسلر خواجہ فرید آئی ٹی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کے کہ عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید کی یاد میں 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرانا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔
خواجہ فرید آئی ٹی یونیورسٹی جس میں 11ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں اب وہ عالمی سطح پر رینکنگ میں 500سے 300ویں نمبر پر آچکی ہے۔ملکی سطح پر 13ویں جبکہ پنجاب میں 9ویں نمبر پر ہے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر کیا۔
ان کا مزید کینا تھا کہ 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں امریکہ،مصر،انگلینڈ،ایران سمیت دیگر ممالک سے آنے والے مہمانوں کے ساتھ پاکستان بھر سے ادیب شاعروں کی کثیر تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔صوفی میوزیکل نائٹ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جس میں نامور گلوکار صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا آغاز 15مارچ بروز سوموار سے ہوگا ،جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، چیئر مین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد اور سجادہ نشین دربار کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کریجہ مہمان خصوصی ہونگے۔
اسی طرح 16مارچ کو صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ندیم محبوب اور کمشنر بہاولپور ڈویژن ظفر اقبال مہمان خصوصی ہونگے۔
کانفرنس کے آخری روز شرکاء کانفرنس قومی و بین الاقوامی سکالرز کو کوٹ مٹھن شریف اور مطالیاتی دورہ بھی کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی اور ایم فل کے طلبہ کے لئے سکالر شپ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے اور یونیورسٹی کے ماہانہ اخراجات میں کروڑوں روپوں کی کمی آئی ہے اس وقت تمام تر کام میرٹ اور قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جا رہے ہیں
200طلبہ پی ایچ ڈی کر رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی کے اخراجات پر کئی مستحق طلبہ کو سکالر شپ کے لئے تعلیم دلائی جا رہی ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ اس یونیورسٹی کو پاکستان بھر کی طرح دنیا بھر میں مقام دلانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
علاقے کی پہچان جو بین الاقوامی سطح پر بھونگ مسجد جوایک اپنی مثال آپ ہے کا منی ماڈل یونیورسٹی میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو ایک بہترین آرٹ کا شاہکار ہوگی۔
اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب راوُ نعمان اسلم،جنرل سیکرٹری جی ایم حیدر،نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا
۔اس موقع پر سینئر نائب صدر چوہدری جاوید اقبال،نائب صدر عمران مقصود،انفارمیشن سیکرٹری محمد صدیق بلوچ،سینئر صحافی میاں احسان الحق، میاں شوکت علی،فاروق احمد سندھو،حافظ فلک شیر،عاصم صدیق،سہیل پاشا،خالد جمیل،ذوالقرنین،سلیم قریشی، وسیم چوہدری،میاں سجاد اسلم،تحسین بخاری سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔