خواجہ فریدیونیورسٹی میں رجسٹرار آفس کی طرف سے گرین اینڈ کلین مہم کے تحت آگاہی واک

رحیم یارخان : خواجہ فریدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رجسٹرار آفس کی طرف سے گرین اینڈ کلین مہم کے تحت آگاہی واک کا اہتمام کیاگیا۔ مہمان خصوصی ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر نے معزز مہمان کااستقبال کیا۔ واک سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی ادارے جتنے آباد ہوں گے جیلیں ہی اتنی ویران ہوں گی۔ افراد کی تربیت میں اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ خصوصا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مقاصد قابل تعریف ہیں اوراس طرح کے اقدامات جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بہت اہم ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گرین اینڈ کلین مہم میں بھر پور حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اب تک پچاس ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں، اور اس بار موسم کی مناسبت سے پھلوں کے پودے لگائے جارہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے یونیورسٹی کوشاں ہے۔

یونیورسٹی کا مستقبل تابناک ہےاور نوجوان اس کو انشاللہ ایک ماڈل یونیورسٹی کے طور پر دیکھیں گے، انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او کو دعوت دینے کا مقصد طلبہ کی گرومنگ کرنا ہے تاکہ پولیس اور نوجوانوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔
اس سے جرائم میں کمی میں مدد ملے گی۔ واک کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر نے پودا لگایا۔

پودے لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس شہریوں کے ساتھ تعاون میں ہر ممکن کوشش کررہی ہے،

انہوں نے فیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ پولیس اور شہریوں میں فاصلہ کم کرنے کے لیے کردار اداکرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دروازے شہریوں کی داد رسی کیلئے ہر وقت کھلے ہیں،

انہوں نے مستقبل میں یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس کے ایک مشترکہ سیمینار کی تجویز بھی دی۔ اس موقع پر مجیب ارجمند خان، ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر، ڈاکٹر ثمینہ ثروت ، ڈاکٹر شاہد عتیق ، ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈاکٹر محمد فرحان چغتائی، ڈاکٹر محمد حفیظ ، ڈاکٹر جلات خان، کرنل ریٹائرڈ محمد طارق اور دیگر بھی موجود تھے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button