fbpx
خبریںرحیم یارخانضلعی انتظامیہ

خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں صاف اور سر سبز وشاداب پاکستان مہم کا افتتاح کر دیا گیا

Khawaja Fareed College Rahim yar khan

رحیم یارخان:گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں صاف اور سر سبز وشاداب پاکستان مہم کا افتتاح، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، قائمقام پرنسپل پروفیسر ایوب احمد، پروفیسر محمد طارق، پروفیسر شہباز نیئر سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج میں منعقدہ صاف اور سرسبزو شاداب پاکستان مہم کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت کسی بھی ملک کا انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں، یہ ملک کی اقتصادی، معاشی اور معاشرتی حالت سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان میں صرف 5فیصد علاقہ میں درخت موجود ہیں جبکہ فضائی آلودگی سے بچنے کے لئے 15فیصد علاقے پر درخت لگانا ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ فضائی آلودگی اور گندگی انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہے جو آنے والی نسلوں پر تباہ کن اثرات مرتب کر رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری اپنا فرض سمجھتے ہوئے پودے لگائیں اور انہیں پروان چڑھائیں جبکہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے جبکہ درختوں کی فضیلت بھی بیان کی گئی ہے، دنیا کی عظیم ہستی نبی پاکؐ نے بھی اپنے گھر کی صفائی خود کی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی تبدیلی آئی ہے تو اس کا سہرا نوجوانوں کے سر ہے ہمارے طلباء وطالبات ہمارا اثاثہ ہیں گندگی ادرے ختم نہیں کر سکتے اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیں اور اپنے گھروں و کاروباری جگہوں کا کچرا شاپنگ بیگ میں ڈال کر اپنے گھروں اور کاروباری مراکز کے باہر رکھیں تاکہ میونسپل عملہ با آسانی انہیں اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم کالج کے طلبا و طالبات کو نہ صرف تعلیمی اداروں کے سبزہ زار بلکہ سڑکیں بھی فراہم کریں گے کہ وہ ادھر خوبصورت پودے لگائیں اور صفائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ میں خود اور تمام افسران طلباء و طالبات کے ہمراہ صفائی وشجر کاری مہم میں حصہ لیں گے۔انہوں نے خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج کو ڈسٹ بن فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے اپنی پوری ٹیم کو ضلع میں صفائی اور شجرکاری مہم میں ذمہ داریاں تفویض کی ہوئی ہیں اور وہ از خود تمام محکموں کے ساتھ نہ صرف تعاون بلکہ تقریبات میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید کالج کے تمام گراؤنڈز کو مختلف ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات کو الاٹ کر کے ان کے مابین صفائی اور شجر کاری کا مقابلہ کرایا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر بہتر کارکردگی دکھانے والے ڈیپارٹمنٹ کے طلباء میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کریں گے۔تقریب سے پروفیسر محمد ایوب، پروفیسر شہباز نیئر سمیت طلباء و طالبات نے بھی خطاب کیا۔

Khawaja Fareed College Rahim yar khan

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close