fbpx

مسلم لیگی ورکرز اپنے حوصلے بلند رکھیں آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے,جعفر اقبال

رحیم یار خان : سینئر مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے منڈی بہاؤالدین میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیداور قومی اسمبلی چوہدری مشاہد رضا کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور چوہدری مشاہد رضا سے ان کی اہلیہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی و فاتحہ کے بعد چوہدری محمد جعفر اقبال نے علاقے کے عمائدین اور مسلم لیگی ورکرز کی کثیر تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  مسلم لیگی ورکرز اپنے حوصلے بلند رکھیں آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے یہ وہ جماعت ہے جس کی بنیاد میرے گھر سے رکھی گئی اور پھر آپ سب کو معلوم ہے کہ اسی مسلم لیگ ن نے تعمیر پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
ملک کو اندھیروں سے نکالا، دہشت گردی سے پاک کیا اور ایک ایسے آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس نے جمہوریت کی بساط لپیٹنے اور آئین توڑنے جیسا جرم کیا آج وہ مجرم ملک سے باہر ہے اور نواز شریف جس کی قیادت میں اس ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا اْنھیں اور اْن کے ساتھیوں پر غداری کے مقدمات بنائے جا رہے ہیں حتی کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر پر بھی مقدمے کا اندراج کیا گیا ایسا کر کے ہم دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے محنت کش طبقے کیلئے جینا محال کر دیا ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو رہا ہے، عمران خان کی یوٹرن حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی، انہوں نے کہا کہ گیس، بجلی، زراعی ادویات، کھادوں، عام استعمال کی ادویات میں ہوشربا اضافے سے عام آدمی کی چیخیں نکل گئیں اور تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کرنے والے سرکار ی ملازمین پر بدترین تشدد کیا جا  رہا ہے،
تبدیلی کا خواب دیکھنے والوں کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی عوام کو اس ناہل حکو مت سے جان چھڑائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »