جنوبی پنجاب میں نئے  پولیس کمانڈ سسٹم سے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے,کیپٹن ر ظفر اقبال

بہاولپور: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں نئے  پولیس کمانڈ سسٹم سے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے۔عوام میں مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے  پہلے مرحلے میں پولیس افسران و اہلکاروں کو اپنے رویے بہتر کرنے ہونگے۔پولیس نے کرونا سمیت تمام محاذوں میں  بھرپور قربانیاں دیں تاہم انصاف کی فراہمی کا نظام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے مزید کہا کہ پولیس افسران خود احتسابی  کے ذریعے اپنی کارکردگی کو جانچیں اور عوام سے انصاف کریں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ بہاولپور رینج کا دورہ کرتے ہوئے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال کو بہاولپور پولیس لائن میں آمد پر  پولیس دستے نے بھرپور سلامی بھی پیش کی۔ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک نے انکا  استقبال کیا۔ڈی پی او رحیم یار خان منتظر مہدی،ڈی پی او بہاولنگر عبدالقدوس بیگ،قائم مقام ڈی پی او بہاولپور محمد سلیم خان بھی اس موقع پر  موجود تھے۔ کیپٹن ر ظفر اقبال نے بعد ازاں یادگار شھداء پر حاضری بھی دی اور پھول چڑھائے

ایڈیشنل آئی جی کیپٹن ر ظفر اقبال نے پولیس دربار سے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کرونا سمیت ہر محاذ پر ہراول دستے کا کردار کررہی ہے محدود وسائل اور کم نفری کے باوجود جرائم کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے۔فیلڈ فورس انصاف کی میرٹ پر فراہمی کیلئے اوپن ڈور پالیسی کے تحت انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہو اور نتائج میں بہتری لائے۔۔کیپٹن ر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں اپنی تعیناتی کے دوران پولیس ملازمین کا مقدمہ لڑوں گا اور انکی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی ۔

تمام ضلعی پولیس  سربراہان اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح بنائیں۔کیپٹن ر ظفر اقبال اپنے وژن کی بابت بتایا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے مرتکب عناصر کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے تھانوں کو دھشت کی علامت کے بجائے مظلوم کیلئے دادرسی کا مرکز بنایا جائے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کسی کے دباؤ میں آکر مظلوم کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے تھانیداروں کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔جھوٹے مقدمات میں  مظلوموں کو  پھنسانے کے بجائے تھانے میں شہریوں کو عزت دی جائے تاکہ محکمے کا تاثر بہتر ہوسکے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب نے حکم دیا کہ جنوبی پنجاب کی ایک انچ زمین پر قبضہ برداشت نہیں کرونگا پولیس ہر قبضہ کیس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے غریبوں کو انکا حق دلائے۔اس موقع پر پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک نے کہا کہ پولیس دربار کا مقصد ملازمین کے مسائل کی شنوائی اور انکو حل کرنا ہے۔

مقدمات کا سو فی صد اندراج یقنی بناکر جرائم کے خلاف مربوط پالیسی نافذ کی گئی ہے جس کی بدولت بہاولپور ریجن میں امن و امان کی مثالی صورت حال قائم ہے۔محمد زبیر دریشک نے کہا کہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کے وژن کے مطابق پولیس انصاف کی فراہمی کیلئے موثر کردار ادا کرے گی۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے پولیس شھداء کے ورثاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے امدادی رقوم بھی تقسیم کیں۔

Exit mobile version