پنجاب کلچرل ڈے رنگا رنگ تقریبات

رحیم یار خان:حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پنجاب کلچرل ڈے منایا گیا۔اس ضمن میں مرکزی تقریب عباسیہ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری شفیق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد سمیت ضلعی افسران اور تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔پنجاب کلچرل ڈے کی تقریب میں سرکاری نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے روائتی پنجابی ثقافت اجاگر کرنے کے لئے سٹالز لگائے گئے جبکہ طلباء و طالبات نے پنجاب کی ثقافت کو عملی طور پر اجاگر کیا۔ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے تعلیمی اداروں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سب سے پہلے ہم سب مسلمان اورمحب وطن پاکستانی قوم ہیں جبکہ تمام زبانیں اور برادریاں اس گلدستے سے منسلک وہ پھول ہیں جو اس گلدستہ کو پاکستان بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مختلف ثقافتی تہوار منانے کا مقصد اپنی نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و ثقافت اور روایات سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنی تہذیب و ثقافت اور روایات کو ساتھ لیکر چلتی ہیں، تہذیب و ثقافت کو فراموش کرکے ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ دریاؤں کی دھرتی پنجاب عظیم ثقافتی روایات، تہذیب و تمدن، صوفی لٹریچر اور انتہائی خوبصورت اور بے مثال ثقافتی ورثہ کی امین ہے اور آج کی تقریب کا مقصد اپنے روائتی ورثہ کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو پنجاب کے ثقافتی رنگوں سے روشناس کرانا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ثقافت میلہ میں سٹالز لگانے اور خدمات سر انجام دینے والے اداروں کے سربراہان میں شیلڈز تقسیم کیں۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر14 مارچ پنجاب ثقافت ڈے کے موقع پر ضلع کے تمام افسران و ملازمین نے روائتی لباس اور پگڑی پہن کر سرکاری امور سر انجام دیئے۔

پنجاب ثقافت دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پنجاب کی ثقافت، تہذیب و تمدن اور روایات کو اجاگر کرنے کے لئے آگہی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کی۔ریلیمیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) احمد رضا بٹ سمیت ضلعی افسران، سول سوسائٹی، علماء کرام تعلیمی اداروں کے طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سمیت ریلی میں شریک تمام افسران نے روائتی پنجابی لباس اور پگڑی پہن رکھی تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پنجاب شاندار ثقافتی روایات کا امین ہے، پنجاب کی ثقافت سے ہمیں امن و محبت اور بھائی چارے کا پیغام ملتا ہے۔ریلی کے اختتام پرممبر ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری نے ملک وقوم کی سلامتی، اتحاد و اتفاق، امن دشمن عناصر کے خلاف سیکورٹی اداروں کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button