صحافی کے بچوں کو تمام تعلیمی اداروں میں فیس میں رعایت

رحیم یارخاں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے ممبران کے بچوں کو پنجاب گروپ آف کالجز کے تمام تعلیمی اداروں میں فیس میں رعایت بارے ایم او یو طے پا گیا-
ایم او یو کی دستخطی تقریب ڈسٹرکٹ پریس کلب میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب کالج رحیم یارخاں کے پرنسپل آصف جلیل اور صدر پریس کلب میاں احسان الحق نے دستخط کئے –
ایم او یو کے مطابق پنجاب گروپ آف کالجز اپنے تمام تعلیمی اداروں بشمول الائیڈ سکولز سسٹم اوریونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں تعلیم حاصل کرنے والے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے ممبران کے تمام بچوں کو فیس پر 30فیصد تک رعایت دے گا-
دستخطی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے میاں احسان الحق نے پنجاب گروپ آف کالجز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ پنجاب کالجز کا صحافیوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کے مواقع دینا انتہائی احسن قدم ہے اور توقع ہے کہ پنجاب کالجز صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے آئندہ بھی مثبت قدم اٹھاتا رہے گا-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کالج رحیم یارخاں کے پرنسپل آصف جلیل نے کہاکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب سے مذکورہ ایم او یو طے پانا پنجاب کالجز کیلئے بھی ایک اعزاز کی بات ہے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پنجاب گروپ آف کالجز پنجاب بھر کے بورڈز اور یونیورسٹیز میں ہر سال 60 سے 70فیصد پوزیشن حاصل کرتا ہے جو پنجاب گروپ آف کالجز کے اعلی تعلیمی معیار کی روشن مثال ہے –
انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب گروپ آف کالجز میں ہے جس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے -قبل ازیں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سیکرٹری جنرل راﺅ نعمان اسلم نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پنجاب گروپ آف کالجز کی جانب سے جنوبی پنجاب کے آخری ضلع رحیم یارخاں کے صحافیوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کےلئے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور توقع ہے کہ اس سے صحافیوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کے بہترین مواقع دستیاب ہو سکیں گے –
اس موقع پر پروفیسر عمران بشیر اور صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close