شہداء کے بچوں کے لیے تعلیم مفت دیگر سے آدھی فیس لی جائے گی

رحیم یار خان (پریس ریلیز )شہداء پولیس اور حاضر سروس و دیگر پولیس اہلکاروں کے بچوں کو اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی تھی جس میں ویلفیئر آفیسر سھیل ندیم اور پبلک ریلیشن آفیسر ذیشان محمود ڈی پی او کا پیغام لے کر پرائیویٹ سکولز اور کالجز کی انتظامیہ کے پاس گئے اور ان سے اس سلسلہ میں رعایت اور رائے لی جس پر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن کی جانب سے حوصلہ افزا جواب موصول ہوا ۔

جس پر ایسوسی ایشن کی ڈی پی او عمر سلامت اور ایس پی انوسٹی گیشن رانا محمد اشرف سے ملاقات ہوئی جس میں تعلیمی اداروں کے سربراہان نے رضا کارانہ طور پر شہداء و حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کے زیر تعلیم بچوں کو بتدریج مفت و رعائتی فیسوں پر معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس سلسلہ میں مفاہمتی یاداشت طے کرنے کے لئے مشاورت کی اور آخر کار گزشتہ روز ڈی پی او آفس میں پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد میں شامل چئیرمین پی ایس سی اے ساجد الیاس چوہدری ، ضلعی جنرل سیکرٹری رانا محمد سلیم ، ضلعی وائس چیئرمین ڈاکٹر رحیم الدین ، سرپرست پی ایس ایم اے لو فیس حاجی محمد خالد مغل ، ڈویژنل صدر ایپسا سہیل اختر چوہدری ، چیف ایگزیکٹو دی سمارٹ محتشم نقوی ، چیف ایگزیکٹو دی ایجوکیٹرزصفدر عباس ، چیف ایگزیکٹوز الائیڈ محمد ارشد اور محمدبابر، صدر پی ایس ایم اے لو فیس محمد ارشد مغل اور دی ڈاکٹرز سکولز کے محمد تنویر و دیگر سے ڈی پی او عمر سلامت کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی

وفد کی موجودگی میں پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن کی جانب سے چئیرمین ساجد الیاس چوہدری اور محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی پی او عمر سلامت نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جس کے مطابق ابتدائی طور پر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن شہداء پولیس کے بچوں کو مفت ، حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں کو ادھی فیس پر ضلع بھر میں موجود تمام برانچز میں اعلی تعلیم کے حصول کا موقع دیں گے ۔

جبکہ دوران سروس وفات پانے والے اہلکاروں کے بچوں کے لئے فوری طور پر تو آدھی فیس طے پائی ہے لیکن مستقبل میں ان کے لیے خصوصی پیکیج متوقع ہے ۔ اس معاہدہ میں ایم ٹی بی کے ، نائس کالج ، دی کینیڈین انسٹیٹیوٹ ، نکاس کالج ، میڈوز سکولز، کونونٹ سکولز ، دی سووٹ سکولز ، مسلم سکالرز ، نمز سکول سسٹم ، دی پریمئیر سکولز ، ایکسل سکول سسٹم شامل ہیں ۔

دیگر اداروں سے بھی بات چیت جاری ہے ۔ معاہدہ طے پانے پر ڈی پی او عمر سلامت نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ضلع رحیم یارخان پولیس کے لئے ایک تاریخی دن ہے ۔ لوگ پولیس کے منٖفی پہلو کو سامنے رکھتے ہیں اور ہمیشہ تنخواہ لینے کو بھی طعنے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص پچیس ، تیس ہزار روپے کی نوکری کے لئے اپنی ایک انگلی کٹوانے کو تیار نہیں ہو سکتا اور پولیس کے افسران و جوان اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں کیونکہ جان پرکھیل جانا چند ہزار کے عوض نہیں اس حلف کی پاسداری میں ہوتا ہے جس میں ملک و قوم سے وفاداری اور عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے اٹھایا ہوتا ہے اس لئے پولیس پر تنقید ان کے لئے ہمیشہ تکلیف دہ رہی ہے ۔

آج پرائیویٹ سکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن نے محکمہ پولیس کے لئے جس فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے یہ ساعتیں ان کی سروس کی یاد گار ترین گھڑیاں ہیں ۔ جس پر وفد نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور مزید تعاون کو فروغ دینے کا یقین دلایا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close