تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے,ڈی سی

rahim yar khan city news
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر سمیت عوامی مفاد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے اور کوالٹی ورک کا خاص خیال رکھا جائے، منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔یہ بات انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ایکسین بلڈنگ محمد نعیم، ایکسین ہائی ویز محمد کامران اکرم، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانا متعلقہ مانیٹرنگ سٹاف کی ذمہ داری ہے تمام کام میرٹ پر کیا جائے بد عنوانی کی شکایت پر انٹی کرپشن کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں روڈز، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن، واٹر سپلائی اینڈ سیوریج، لائیو سٹاک، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پبلک بلڈنگ سیکٹرز میں 29ارب روپے کی لاگت سے جاری509منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ 15ارب روپے کی لاگت سے تجویز کی جانے والی282نئی ترقیاتی سکیموں بارے بھی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے صادق آباد واٹر سپلائی، کوٹسمابہ، ظاہر پیر، چاچڑاں شریف سیوریج سکیم، فیروزہ، عباسیہ فلائی اوورز، ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور خانپور میں آئی سی یو وارڈز کے قیام سمیت متعدد منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ انہوں نے محکمہ بلڈنگ کو سکولوں کے اضافی کلاس رومز و دیگر بلڈنگز کو بھی جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شیخ زید ہسپتال کے لئے نئی سی ٹی سکین مشین، ڈیجیٹل ایکسرے سمیت دیگر جدید مشینری کی خریداری کے لئے آرڈرز دے دیئے گئے ہیں۔
rahim yar khan city (3)
rahim yar khan city
رحیم یار خان:ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ لائسنس کے بغیر میڈیکل سٹور ز چلانے، اتائی ڈاکٹرز اور ڈرگ ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں پر 19کیس ڈرگ کورٹ بھجوانے، ایک کو وارننگ اور 8کیسز کو موخرکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، سیکرٹری ڈرگ کنٹرول بورڈ اسد اللہ سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈرگ انسپکٹرز کو ڈرگ کورٹ کو ریفر کئے گئے کیسز کی موثر پیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز کو ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل سٹورز و عطائی ڈاکٹرز کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بار بار جرم کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ کوالٹی کنٹرول بورڈ میں ڈرگ انسپکٹرز تمام کیسز کو مکمل تفصیلات اور تصاویر کے ہمراہ پیش کریں۔
rahim yar khan city
rahim yar khan city
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے 2016ء میں خانپور کے نزدیک دو بسوں کے تصادم میں وفات پانے والے6مسافروں کے لواحقین میں فی کس ڈھائی لاکھ مالیت کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم کسی صورت قیمتی انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں تاہم ورثاء کے لئے کچھ آسانی کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی کاوشوں سے ورثاء کو مالی مدد فراہم کرنے کے لئے اس کیس کی موثر پیروی کی گئی جس کے تحت آج ورثاء کو ان کی امانتیں فراہم کی جا رہی ہے۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے بتایا کہ قبل ازیں بھی روڈ ایکسیڈنٹ میں وفات پانے والے افراد کے خاندانوں میں 70لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
 
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ حکومت کا ویژن ہے کہ بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ مزید بہتر انداز سے اپنی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل لیاقت پور سے تعلق رکھنے والے ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ٹاؤن پلینرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین، اسسٹنٹ کمشنر آصف اقبال، ایم او پلاننگ ضلع کونسل حسین لیاقت سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے بزنس سے وابستہ افراد کے لئے انتظامیہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) کی سربراہی میں خصوصی ون ونڈوکاؤنٹر تشکیل دیا ہے جس میں آپ کسی بھی محکمہ سے متعلق اپنے مسائل حل کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤن پلانر اپنی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قوانین اورقواعد وضوابط کے مطابق سہولیات فراہم کریں جبکہ سرکاری فیسوں سمیت مفاد عامہ کی زمین بھی متعلقہ اداروں کے نام منتقل کریں۔انہوں نے کہا کہ 15یوم کے اندر بہتری نظر آنی چاہیے بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور کو ہدایت کی کہ سرکاری محکموں سے رجوع اور حکومتی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فوری طور پر نہ صرف سیل کر دیا جائے بلکہ ان کی رجسٹریوں پر بھی پابندی عائد کر دی جائے۔
rahim yar khan city news

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »