شہر بھر میں ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کرگئے
رحیم یارخان : شہر بھر میں ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کرگئے جبکہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے شہر کے اہم چوراہوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار بھتہ وصولی میں مصروف ہیں۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹریفک پولیس رحیم یارخان ذوالقرنین عباسی نے اڈا خان پور پر شہر سے گزرنے والی ہیوی ٹریفک کے ریٹ مختص کردیئے جبکہ اعلیٰ افسران بااثر اسسٹنٹ سب انسپکٹر ذوالقرنین عباسی کی کرپشن پر خاموش ہیں۔
اڈہ خان پور کے مقام پر تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر ذوالقرنین عباسی نے کرپشن کی ات مچادی شہر میں داخل ہونیوالی ہیوی ٹریفک سے ہزاروں روپے وصول کرنے میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق ذوالقرنین عباسی نے ٹرالر اور ٹرک کا ایک ہزار روپے‘ ٹریکٹر ٹرالی سے 500 روپے ریٹ مقرر کیا ہوا ہے۔ رشوت نہ دینے والے ہیوی ٹریفک ڈرائیورز کو سنگین نتائج کی دھمکیاں اور ان کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ٹریفک میں اضافے کے باعث شہر کے اہم چوراہوں پر ٹریفک جام کے مسائل عام ہوگئے ہیں جنہیں ٹریفک پولیس اہلکار کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
عوامی، سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کی بجائے رشوت وصولی میں مصروف ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رشوت خوری اور شہریوں سے بدتمیزی سے پیش آنے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹریفک پولیس ذوالقرنین عباسی کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اسے معطل کیا جائے