سموگ سے بچاﺅ بارے آگہی مہم کے لئے شہریوں میں ماسک تقسیم

رحیم یارخان ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع بھر میں جاری انسداد سموگ مہم کے دوران ایم پی اے چوہدری آصف مجید کے ہمراہ سموگ سے بچاﺅ بارے آگہی مہم کے لئے شہریوں میں ماسک تقسیم کئے،
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا،ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر شہریوں کو صاف ماحول دینے اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کےلئے ضلعی انتظامیہ نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ ماحولیات، میونسپل کارپوریشن، ٹرانسپور ٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، ہیلتھ، ایجوکیشن، زراعت و دیگر محکموں کی ٹیمیں انسداد سموگ مہم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے افسران متحرک ہو کر کام کریں، لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے تحفظ ماحولیات قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے جبکہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، گاڑیوں کو سیل اور کوڑا کرکٹ و اجناس کی باقیات کا آگ لگانے پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں موجود اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرانے کے لئے محکمہ ماحولیات اور لیبر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے بھٹوں کو بند کر دیا جائے۔
رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری آصف مجید نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ملک کو سرسبزو شاداب بنانے کے لئے کوشاں ہے اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری بھی حکومتی مہم کا حصہ بنیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں جبکہ سموگ کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے بتائے جانے والے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے شہریوں میں ماسک تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »