fbpx

ٹی ایچ کیوز میں علاج معالعہ کے معیار کو بہتر رکھنے ہدایت

رحیم یار خان :ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں عمدہ نظم و نسق اور علاج معالجہ کی بہترین سہولیات ہمہ وقت برقراررکھاجائے تاکہ مریضوں کو علاج کے سلسلے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے یہ بات تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال صادق آباد کے معائنہ کے دوران کہی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر کاشف ڈوگر، پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر طالوت سلیم باجوہ، ایم ایس ہسپتال سمیت دیگرڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے معیار کو مزید بہتر اور ہارٹی کلچر کے فروغ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو صادق آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ عارضہ قلب کا وارڈ بنایا جائے گا جس کے لئے مشینری کی خرید جلد مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال کی پرانی بلڈنگ کو منہدم کرنے کے حوالہ سے پیشرفت بارے بھی ہسپتال انتظامیہ سے معلومات حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ پرانی بلڈنگ کو منہدم کرنے کے لئے متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ میں رہیں۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے مریض اور لواحقین ہر لحاظ سے ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن ہونے چاہیے۔اس موقع پر انہوں نے ولہار ٹرین حادثہ اور کوٹسبزل کے مقام پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے محنت کش کی بھی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو ہسپتال سے ادویات فراہم کی جائیں جبکہ جو ادویات مریضوں کے ورثاء باہر سے لائیں ہیں ان کی ادائیگی بھی فوری لواحقین کو واپس کی جائے۔انہوں نے ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا اور کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں عام مریضوں تک پہنچائے جائیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے اسسٹنٹ کمشنر کاشف ڈوگر کے ہمراہ صادق کلب اور اراضی ریکارڈ سنٹر صادق آباد کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز کی سروسز کا معیار مزید بہتر بنایا جائے تاکہ تیز رفتار اور عمدہ سروس کی بدولت اس سسٹم پر لوگوں کا اعتماد مضبوط ہو۔انہوں نے اس موقع پر اراضی ریکارڈ سنٹرز میں آنے والے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے سروسز کے معیار بارے دریافت کیا۔صادق کلب کے دورہ کے دوران انہوں نے کہا کہ کلب کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ عمارت کو مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور کوالٹی ورک کا خاص خیال رکھا جائے، جاری ترقیاتی پراجیکٹ مقررہ مدت میں پورے کئے جائیں تاکہ عوام ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد پو ر لمحہ کے مقام پر صادق آباد شہر کو فراہم کی جانے والی واٹر سپلائی سکیم کے مین منصوبہ کی سائیٹ پر محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کی جانب سے منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر کاشف ڈوگر، ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں، ترقیاتی سکیموں میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صاف پانی کی فراہمی صادق آباد کی عوام کا درینہ مطالبہ ہے جسے فوری طور پر مکمل کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات ہیں کہ ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کاشف ڈوگر کو ہدایت کی کہ وہ واٹر سپلائی منصوبہ سے صادق آباد کی مضافاتی آبادیوں کو منسلک کرنے کے لئے میونسپل کمیٹی کے بجٹ میں واٹر سپلائی سکیموں کو پہلی ترجیح دیں تاکہ ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واٹر سپلائی کی فراہمی کے لئے8اور10کیوسک کی دو پائپ لائنوں پر کام جاری ہے اور اگست کے پہلے ہفتہ میں واٹر سپلائی سکیم کو جزوی طور پر بحال کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے حکومت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کے مشترکہ اشتراک سے بننے والے فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پر برگیڈئیر(ر)شوکت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر کاشف ڈوگر، ایم ایس ہسپتال سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبہ کو مزید بہتربناکر شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔جدید سہولیات سے آراستہ  فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کے قیام میں فاطمہ فرٹیلائزر کی لاجسٹک سپورٹ کو انتظامیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اس ہسپتال کی تعمیر سے نہ صرف تحصیل صادق آباد کی دیہی آبادی بلکہ سندھ و بلوچستان کے قریبی اضلاع کو بھی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بائیو آپسی سمیت دیگر شعبوں میں ڈاکٹرز و ٹیکنیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے لئے انتظامیہ اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور جلد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اس اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ہسپتال میں روزانہ تین سو سے زائد ہیپاٹائٹس سے متاثرہ مریض وزٹ کرتے ہیں جن کی ابتدائی سکریننگ کے نتائج پر پی سی آر ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی
 سکریننگ میں 35فیصد مریضوں میں ہیپاٹائٹس کی شکایات پائی جاتی ہے جبکہ اب تک پی سی آر کے 22سو سے زائد ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 1200مریضوں میں ہیپاٹائٹس پایا گیا ہے اس تناسب سے اس کی شرح55فیصد بنتی ہے۔برگیڈئیر(ر)شوکت علی نے کہا کہ وہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں انتظامیہ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »
Close
Close