بااثر زمیندار نے ٹبہ صادق والا میں اقلیتی برادری کا جینا حرام کردیا
رحیم یارخان:بااثر زمیندار نے ٹبہ صادق والا میں اقلیتی برادری کا جینا حرام کردیا،آئے روز چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال اور تشدد کو معمول بنا لیا،زبردستی ٹریکٹر چلا کر مکان مسمار کرکے ڈیرے کیلئے راستہ بنا لیا،پولیس بھی بااثر زمیندار کے ساتھ مل گئی کاروائی سے گریزاں،متاثرین کا انصاف کیلئے احتجاج۔
چک 56پی ٹبہ صادق والا کے پر عرصہ 50سال سے مقیم اقلیتی برادری کے کھیتا جی،ہاتم جی،نیچڑ جی،سکھرا جی،بابو ج و دیگر نے خواتین اور بچوں کے ہمراہ احتجاج کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چک 56پی کے بااثر زمیندار جاوید چیمہ،انصر چیمہ اور اجمل چیمہ نے علاقہ میں انکا جینا حرام کر رکھا ہے،
آئے روز چاردر اور چار دیواری کا تقدس پاما ل کیا جاتا ہے،جاوید چیمہ اپنے بھائیوں اور کرائے کے غنڈوں سمیت گھروں میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ،خواتین اور بچوں پر تشدد کرتے ہیں،
ہمیں نلکوں سے پانی بھرنے نہیں دیا جاتا ہے،گزشتہ سے پیوستہ روز جاوید چیمہ اور اسکے بھائیوں نے زبردستی انکے تعمیر شدہ مکانوں پر ٹریکٹر چلا کر انہیں مسمار کیا اور اپنے ڈیرے کیلئے راستہ بنا لیا،
جس کے لئے مقامی پولیس کو بر وقت کال کی پولیس موقع پر آئی مگر بااثر زمیندار کیخلاف کاروائی کرنے کی بجائے خاموشی سے واپس لوٹ گئی،
متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر زمیندار اور اسکے بھائیوں کی جانب سے آئے روز جان سے مارنے سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہے،
انہوں نے ڈی پی او رحیم یارخان اختر فاروق سے بااثر زمینداروں جاوید چیمہ،انصر چیمہ اور اجمل چیمہ کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔