ورکرز ویلفیئر بوائز سکول سکینڈ شفٹ میں کونسل کمیٹی کا اجلاس

رحیم یارخان: ورکرز ویلفیئر بوائز سکول سکینڈ شفٹ میں کونسل کمیٹی کا اجلاس، نئے تعلیمی سال کے داخلوں کی مہم کو بھرپورانداز سے چلانے کے لیے لائحہ عمل تیار، کمیٹی ممبران نے تجاویز دیں ،رائے کا اظہار کیا۔
نرسری تا پرائمری امتحانات کے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات میں کیش انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

ورکرز ویلفیئر بوائز سکول سیکنڈ شفٹ میں کونسل کمیٹی کا اجلاس منعقد کیاگیا جس کی صدارت پرنسپل شگفتہ بانو نے کی جبکہ دیگر ممبران میں سیکرٹری و ممبر کونسل مصباح رشید، اکائونٹس اسسٹنٹ شہروزبھٹی، ایگزیکٹو ممبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شوکت حیات ، ممبر چیمبر آف کامرس چوہدری نعیم ،نمائندہ والدین اظہارالحسن بخاری،ریٹائرڈ آفیسر مسز کلثوم آسیہ اور ممبر سکول کونسل فیاض محمود نے شرکت کی۔

منعقدہ اجلاس میں پرنسپل شگفتہ بانو نے سکول میں بچوں کے نئے داخلوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکول ورکرز کے بچوں کے لیے قائم کیے گئے ہیں

مگر فیکٹریوں کی انتظامیہ اپنے ورکرز کے بچوں کی تعلیمی ضروریات وداخلہ مہم میں حصہ بننے سے کتراتی ہے اور کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کرتی بلکہ سکینڈ شفٹ میں بچوں کو داخل کرانے پر سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی

جس سے سکول انتظامیہ کی شدید حوصلہ شکنی اور والدین کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے کیونکہ بچے امیروں کے ہوں یا غریبوں کے انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے اور ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے کہ اپنے بچوںکو بہتر سے بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کریں ۔

انہوںنے یہ بھی بتایاکہ داخلہ مہم کے سلسلہ میں جب بھی انہوںنے فیکٹریوں کے اندر کمپین کی کوشش کی تو انہیں انتظامیہ کے نامناسب رویہ نے مایوس کیا ہے۔

جس پرچیمبرآف کامرس کے ایگزیکٹو ممبر چوہدری شوکت حیات نے کہا کہ بچوں کے داخلہ مہم کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے جائیں گے

جن میں سوشل میڈیا ،اخبارات اور مختلف وٹس ایپ گروپس میں داخلہ تشہیری مہم کو ہر صورت پروموٹ کرکے ورکرز ویلفیئر بوائز سکینڈ شفٹ کو کامیاب بنایاجائے گا

انہوںنے کہاکہ بہت سے والدین معاشی پریشانیوں کی وجہ سے اپنے بچوںکو صبح کے اوقات میں سکول بھیجنے سے قاصر رہتے ہیں ایسے افراد کی ترجیح ہوتی ہے کہ سکینڈ شفٹ سکولوں میں بچوں کو داخل کرایاجائے ،

یہی وجہ ہے کہ سکینڈ شفٹ میں پڑھنے والے طلبا وطالبات نے 100فیصد نتائج دیے ۔اب سکول انتظامیہ کے ساتھ ملکر وہ فیکٹریز سمیت مختلف اداروں میں بچوں کے داخلہ مہم کو بھرپور انداز سے پیش کریں گے اور سکول کی ترقی کے لیے ہر پلیٹ فارم کواستعمال کیاجائے گا۔

دریں اثنا چوہدری شوکت حیات نے نرسری تا پرائمری کے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات میں اپنی ذاتی جیب سے کیش انعامات تقسیم کیے جس پر بچوں کے والدین نے ان کے اس اقدام کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ سکول کونسل ممبران نے بھی اس روایت کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے پر زور دیا۔

ممبران نے سکول کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی اور حل کے لیے مختلف تجاویز دیں جن پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کیاگیا۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button