کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال عوام کے لئے اہم پیغام

رحیم یارخان : ڈیسک بہاول پور:کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے موجودہ کورونا وائرس کی تیسری لہرکے تناظر میں بہاول پور ڈویژن کے عوام الناس کے لئے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ میں واضح طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کورونا وائرس (کوویڈ 19)ایک تلخ حقیقت ہے اور موجودہ کورونا وائرس کی تیسری لہرپہلے سے زیادہ مہلک اور جان لیوا ہے۔

لہٰذا عوام الناس کورونا وائرس ایس او پیز پرعملدرآمد کے حوالہ سے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں،گھر سے باہر رہتے ہوئے ہر وقت فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، ایک دوسرے سے کم از کم تین فٹ سماجی فاصلہ برقراررکھیں،

24گھنٹوں کے دوران کم از کم اٹھارہ سے بیس مرتبہ ہاتھ دھوئیں، مصافحہ اور معانقہ سے گریز کریں۔

کمشنر بہاول پور نے اپنے پیغام میں تمام دکانداروں،کاروباری افراداور ٹرانسپورٹرز کوبھی ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالہ سے مفاد عامہ کے تناظر میں جاری کردہ سرکاری ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا ہے کہ تمام کاروباری افراد سرکاری ہدایات کے مطابق شام 6 بجے اپنی دکانوں کو بند رکھیں سوائے ان دکانوں کے جنہیں حکومت کی طرف سے استثنیٰ حاصل ہے۔

نیز کاروباری افرادبذات خود ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور بغیر ماسک پہنے ہوئے گاہک کو اشیاء کی فروخت مت کریں۔

تمام کاروباری مراکز اپنی دکانوں، دفاتر اور دیگر کام کرنے کی جگہوں کے باہر نمایان جگہ پر ”NO MASK NO SERVICE“ لکھ کر آویزاں کریں۔

بصورت دیگر ان دکانوں اور کاروباری مراکز کوسربمہر کردیا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس (کوویڈ 19)کومن گھڑت قرار دینے کی بجائے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ کورونا وائرس کی تیسری لہر زیادہ خطرناک اور مہلک ہے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ہم سب نے بحیثیت ذمہ دار قوم مل کربہاول پور ڈویژن  کو کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر سے بچانا ہے۔

لہٰذا اپنے کنبے کے افراد خصوصاً خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو بازاروں اور بھیڑ والی جگہوں پر جا کر خریداری کرنے سے روکیں۔نیز ایسی پبلک ٹرانسپورٹ، چنگچی رکشہ یا آمد و رفت کے دیگر ذرائع پر کبھی سوار نہ ہوں جس پر ترجیحی طور پر دو یا پھر چار سے زیادہ افراد سوار ہوں۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر بہاول پور ڈویژن کی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے کورونا ویکسینیشن سنٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جس میں 60 سال سے زائدعمر کے بزرگوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔لہٰذاآج ہی 60 سال سے زائد عمر کے اپنے بزرگوں کے شناختی کارڈ نمبر 1166 پر مفت میسج کریں اور بتائی ہوئی تاریخ پر متعلقہ کورونا ویکسینیشن سنٹر پر تشریف لے آئیں اور مفت کورونا ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرا فرض ہے کہ میں عوامی مفاد میں ان تمام سخت اقدامات کی پابندی پر عملدرآمد کراؤں لہٰذاس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے کورونا وائرس کی تیسری شدید ترین لہرکے انسانی زندگی پرمنڈلاتے مہلک خطرات، ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد اور حکومتی ہدایات پر بذات خود عمل بھی کریں اور ان واضع ہدایات کو پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ بحیثیت مجموعی عوامی شعور و آگاہی کو بیدار کیا جا سکے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button