"بھونگ انٹر چینج“علاقے میں تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی
رحیم یارخان:سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملتان سکھر موٹر وے پر صادق آباد کے قریب ”بھونگ انٹر چینج“ کی تعمیر کے لیے کئی سالوں سے جاری ان کی محنت رنگ لے آئی ہے۔جس کی تعمیر پر اربوں روپے کے خطیر فنڈز خرچ ہو رہے ہیں۔

بھونگ انٹر چینج (M-5) کی تعمیر کے لیے وزارت خزانہ حکومت پاکستان نے ضروری فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور الحمد للہIKHAN کمپنی نے موقع پر اس میگا پراجیکٹ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ سردار رئیس منیر احمد خان نے کہا کہ وہ اللہ تعالی کے حضور نہایت عاجزی کے ساتھ سجدہ ریز ہیں جو نہایت مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔

جس نے انہیں اپنے علاقے کے سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ عوام کی سہولت کے لیے اس عظیم منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے استقامت عطا فرمائی۔
انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اس علاقے کے عوام کے لیے تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انھوں نے اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر عوامی فلاح کے لیے اپنے تمام وسائل اور مفادات کو قربان کیا اور اس منصوبے کو ایک چیلنج سمجھ کر تکمیل تک پہنچایا۔ جو ان شاء اللہ اس علاقہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔




