سردار رئیس منیر احمد کی افتخار محمد چودھری سے ملاقات
رحیم یار خان : سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چودھری سے ان کی رہائش گاہ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی صورتحال اور قانونی و سماجی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے سابق چیف جسٹس کو عالمی شہرت یافتہ تاریخی بھونگ مسجد کے دورے کی باقاعدہ دعوت دی۔
انھوں نے مسجد کی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھونگ مسجد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی منفرد طرزِ تعمیر اور خوبصورتی کے باعث پہچانی جاتی ہے اور یہ ضلع رحیم یار خان کا قابلِ فخر ورثہ ہے۔
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ بھونگ مسجد کے تاریخی اور ثقافتی مقام سے وہ بخوبی آگاہ ہیں ایسے مقامات ہمارے قومی تشخص اور اسلامی فنِ تعمیر کی اعلیٰ مثال ہیں،
انھوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی کہ وہ اس عظیم مسجد میں حاضر ہوں اور اس کے حسن اور اہمیت کو قریب سے دیکھیں۔آخر میں سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے بھونگ مسجد کے دورے کی دعوت قبول کرنے پر سابق چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ علاقے کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کرنے کا باعث بنے گا۔






