اقلیتوں کے قومی دن کے موقع تقریب کا اہتمام کیاگیا
رحیم یار خان:ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کے جناح ہال میں تقریب کا اہتمام کیاگیا
جس میں اقلیتوں کی پاکستان تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے دی جانے والی خدبات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کی جبکہ مہمانان خصوصی ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ریاست علی، صدر چیمبر آف کامرس چوہدری جاوید ارشاد، اشفاق خان ایڈووکیٹ، خواجہ ادریس احمد، شمیل مرزا، ریاض احمد نوری، گرو سکھ دیو جی، بھیا رام انجم، شاہد سلیم سمیت تمام مذاہب کے مذہبی رہنماو افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
11اگست اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیاگیا جبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا،تقریب میں ہندو، عیسائی، مسلم بچوں نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ مذہبی رہنماؤں نے اپنے اپنے انداز میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں اور اظہار خیال کیا۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
تمام اقلیتوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور حکومت پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی تقریبات ہم تجدید عہد کے ساتھ منار ہے ہیں کہ اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہے اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں واضح کہا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کی عبادتگاہیں محفوظ اور انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
آئین و قانون نے ہر شخص کا حق طے کر رکھا ہے کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی رائے کسی دوسرے پر مسلط کرے آج کے دن ہم نے اس عزم کا عہد کرنا ہے کہ مل جل کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
اقلیتی رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیاکا خوبصورت اور پُر امن ملک ہے کوئی بھی اقلیت اسے نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی ہم سب ایک ہیں۔اس موقع پر اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کیک کا ٹا گیا۔